چیچہ وطنی، ماڈل منڈی مویشیاں کا افتتاح

جمعہ 15 نومبر 2019 17:28

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) صوبائی حکومت کی طرف سے کسانوں اور بیوپاریوں کو اپنے جانوروں کی خریدوفروخت میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تعمیر کی جانے والے ماڈل منڈی مویشیاں چیچہ وطنی کا باقاعد ہ افتتاح کر دیا گیا اور اسے جانوروں کی خریدوفروخت کے لئے بھی کھول دیا گیا۔ یہ بات مینجنگ ڈائریکٹر احمد علی نے بورڈ میٹنگ کے بعد فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہی جو کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ندیم الرحمن کی صدارت میں کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ 28کروڑ روپے کی خطیر رقم سے اس ماڈل کیٹل مارکیٹ میں تمام جدید سہولیات بنک بوتھ،صاف پانی کی فراہمی ،مویشیوں کے لئے صاف چارے کا انتظام ،آڑھتیوں کے ٹھہرنے کے لئے کمرے ،لائیو سٹاک عملے کے لئے سہولیات ،مویشیوں کو اتارنے اور چڑھانے کے لئے خصوصی جگہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید بتایا کہ کمپنی نے پچھلے مالی سال 201819میں ایک کروڑ20لاکھ روپے منافع کمایا جو ایک ریکارڈ ہے یہ منافع ڈویژ ن بھر میں لگنے والی11منڈیوں میں بہترین سروسز کی فراہمی کے نتیجے میں کمایا گیا، ایم ڈی احمد علی نے مزید بتایا کہ عارف والا میں بھی ماڈل منڈی مویشیاں زیر تعمیر ہے جس کی جلد تکمیل کے لئے ٹھیکیدار دن رات مصروف عمل ہے کمپنی کے چیئر مین اور کمشنر ندیم الرحمن نے کیٹل مینجمنٹ کمپنی ساہیوال کی کارکردگی کی تعریف کی اور انہیں بیوپاریوں کو بہتر سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔