مودی کے قابل مذمت اقدامات کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، دنیا مسئلہ کشمیر کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہوئی ہے،

بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے پر مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، عالمی سطح پر تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا سیمینار سے خطاب

جمعہ 15 نومبر 2019 17:36

مودی کے قابل مذمت اقدامات کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مودی کے قابل مذمت اقدامات کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے، دنیا مسئلہ کشمیر کو اچھی طرح سمجھنا شروع ہوئی ہے، بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنے پر مقبوضہ کشمیر کی قیادت اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، عالمی سطح پر تنازعہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے۔

وہ جمعہ کو یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار سے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ 72 سالوں سے بھارتی ظلم و ستم جاری ہے، 5 اگست کو بھارت نے کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین، ترکی اور ملائیشیا نے مقبوضہ کشمیر پر ہمارے مؤقف کی بھرپور حمایت کی، عالمی سطح پر بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت آخری حد تک جاری رکھیں گے۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، حکومت پاکستان کشمیر سے تعلق رکھنے والوں نوجوانوں کا ایک گروپ بنائے جو عالمی سطح پر بھارتی بربریت کو بے نقاب کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے حریت قیادت کو نظر بند کر رکھا ہے، تمام سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے، کرفیو ہٹتے ہوئے کشمیری بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کریں گے جس کو جواز بنا کر بھارت کشمیریوں کا خون بہائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ جب تک دنیا کی توجہ کا مرکز نہیں بنے گا اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں بھیجے۔