نبی آخر الزمان تمام عالم کیلئے رحمت بن کر آئے تھے ،آ پؐکی سیرت طیبہ تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے،شاہ غلام قادر

حکومت پورے آزاد کشمیر میں یکساں سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے،سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر

جمعہ 15 نومبر 2019 18:13

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ نبی آخر الزمان تمام عالم کیلئے رحمت بن کر آئے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت طیبہ تمام انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورکر یم صلی اللہ علیہ و سلم نے عفو و درگزر اور برداشت سے کام لینے کا درس دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے یونین کونسل کنڈلشاہی کے دورے کے دوران محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے دربار عالیہ چور ہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید سعادت علی شاہ کو نیلم آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پیر سعادت علی شاہ معاشرے کے مسائل کو سہل اور عام فہم بنا کر لوگوں میں شعور بیدار کرتے ہیںاور نیلم ویلی کے لوگوں سے خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ء دربار عالیہ چور ہ شریف کے سجادہ نشین پیر سعادت علی شاہ نے سیرت طیبہ پر نہایت پر اثر خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ کی اطاعت درحقیقت اللہ کی اطاعت ہے اور ہمیں عملی طور پر سیرت طیبہ پر چلنے کی ضرورت ہے۔ معاشرے کی بہتری کیلئے تربیت لازم ہے اور اعلی اخلاقی معیار قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ والدین اور بزرگوں کا احترام بنیادی اسلامی اقدار میںشامل ہوتے ہیں۔

اس موقع پر محفل میلاد میں دربار عالیہ چور ہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید سعادت علی شاہ کے علاوہ سابق امیدوار اسمبلی میاں اخلاق الرسول،ڈپٹی کمشنر راجہ محمود شاہد، ایس پی آصف درانی،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزنانہ سرور اعوان،پبلک ریلیشن آفیسر ہمراہ سپیکر قانون ساز اسمبلی خواجہ افضل جمال،چئیرمین ضلع زکوة عبد الحمید اعوان،اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر خواجہ منشاء انجم،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر صدام بخاری،یونین کونسل کنڈلشاہی سے لیگی رہنما نوید قریشی و دیگر موجود تھے۔

اس سے پہلے سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے یونین کونسل باڑیاں میں مختلف اوقات میں مرنے والے افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی اور یونین کونسل شاہکوٹ،سالخلہ میں مختلف ارکنان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے یونین کونسل کنڈلشاہی میں لیگی رہنما نوید قریشی کے گھر ظہرانے کے دوران کہا کہ حکومت نے ناسازگار اور فائرنگ کے دوران رسل و رسائل کا نظام بحال رکھنے کو یقینی بنایا ہے جس پر انتظامیہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پورے آزاد کشمیر میں یکساں سہولیات اور ریلیف فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔اور پسماندہ علاقوں بالخصوص نیلم کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔