وزیراعلیٰ سردا رعثمان بزدار سے ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی سربراہی میں نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائیٹس کے وفد کی ملاقات

اقلیتی ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کا فیصلہ،اقلیتوں کے امور کو بلاتاخیر حل کرنے کیلئے صوبائی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم پنجاب مینارٹی پیکیج مثالی پروگرام ثابت ہوگا،یوحنا آباد کو 30 کروڑ روپے سے ماڈل علاقہ بنایا جا ئیگا‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اقلیتی ملازمین کو مذہبی ایام پر سرکاری تعطیل دی جائیگی،اقلیتی قیدیوں کو متعلقہ مذہبی کتاب پڑھنے پر قید میں رعایت دی جائیگی تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن پرپیغام،سینئر صحافی اطہر مسعود کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت

جمعہ 15 نومبر 2019 19:28

وزیراعلیٰ سردا رعثمان بزدار سے ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی سربراہی میں نیشنل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ سردا رعثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈاکٹر محمد شعیب سڈل کی سربراہی میں نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائیٹس کے وفد نے ملاقات کی،جس میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح وبہبود اورانہیں سہولتیں مہیا کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں صوبہ بھر میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق اور سہولتوں کے حوالے سے پنجاب کو مثالی صوبہ بنا رہے ہیںاور پنجاب مینارٹی پیکیج اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے مثالی پروگرام ثابت ہوگا۔ یوحنا آباد کو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل علاقہ بنایا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کے امور کو بلاتاخیر حل کرنے کیلئے صوبائی سطح پر فوکل پرسن مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو مذہبی ایام پر سرکاری تعطیل دی جائے گی۔

اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ روپے کے تعلیمی سکالرشپ دیئے جا رہے ہیں جبکہ پوسٹ گریجوایشن اور ریسرچ سکالرز اقلیتی طلبہ کواڑھائی کروڑ کے سکالرشپ دینگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقلیتی امیدواروںکو مذہبی ایام کے دوران مقابلے کے امتحانات سے مستثنیٰ قراردینے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ صوبہ بھر میں اقلیتوں کیلئے مخصوص اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جا رہا ہے اورپولیس افسران خودگرجا گھروں کی سکیورٹی کا جائزہ لیں۔

انہوںنے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پہلی مرتبہ اقلیتی برداری کو دوہری ووٹنگ کا صوبہ پنجاب کا قابل تقلید اقدام ہے۔پنجاب کے 6 چیمبر ز آف کامرس کے اشتراک سے اقلیتی طلبہ کو سکالرشپ پر ٹیکنیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے۔اقلیتی قیدیوں کو متعلقہ مذہبی کتاب پڑھنے پر قید میں رعایت دی جائے گی۔ڈاکٹر محمد شعیب سڈل نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو نیشنل کمیشن برائے مینارٹی رائیٹس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر محمد شعیب سڈل نے کہا کہ پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولتو ںکے حوالے سے دوسرے صوبوں کیلئے مثال بنے گا۔وفد میں رکن قومی اسمبلی رمیش کماراور ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق اعجاز عالم،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز اقلیتی اموروانسانی حقوق، سکولز ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دین اسلام رواداری اور تحمل و برداشت کے رویوں کو فروغ دینے پر زوردیتا ہے۔ رواداری اور برداشت کے جذبات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے باعث بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواداری اور تحمل و برداشت کے جذبات کو فروغ دے کر پرامن معاشرہ تشکیل دیاجاسکتا ہے اور تعلیمی ادارے، جامعات اور دینی مدارس، برداشت اورتحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بین المسالک وبین المذاہب ہم آہنگی پیدا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحمل و برداشت اور رواداری کے جذبات کے فروغ کی جتنی ضرورت آج ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔ یہ دن منانے کا بنیادی مقصد معاشرے میں برداشت، رواداری اورصبر و تحمل کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اور آج کے دن ہمیں ہر قسم کے تعصب کو ختم کرنے اور برداشت و رواداری کو فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کااظہار کرناہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لاہور کے علاقے گڑھی شاہو کے رہائشی 19 سالہ نوجوان حمزہ کی بیماری کے حوالے سے ایکسپریس نیوز پر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حمزہ کے مرض کے علاج معالجے کیلئے فوری طور پر اقدامات کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت حمزہ کی بیماری کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی اور علاج معالجے کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھرپارکر سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت دے اور غمزدہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے روزنامہ ’’جنگ‘‘ کے سینئر صحافی اطہر مسعود کے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔