پاک بحریہ کے بحری جہازوں معاون اور اصلت کا مراکش کی بندر گاہ کاسا بلانکا کا دورہ

پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اورپی این ایس اصلت نے افریقی ممالک میں تعیناتی کے تحت مراکش کے شہر کاسابلانکا کا دورہ کیا

جمعہ 15 نومبر 2019 18:09

پاک بحریہ کے بحری جہازوں معاون اور اصلت کا مراکش کی بندر گاہ کاسا بلانکا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 نومبر2019ء) پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اورپی این ایس اصلت نے افریقی ممالک میں تعیناتی کے تحت مراکش کے شہر کاسابلانکا کا دورہ کیا۔

کاسابلانکا آمد پرمراکش بحریہ کی جانب سے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا پرُ جوش استقبال کیا گیا۔مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسر زکے ہمراہ کمانڈر سینٹر میری ٹائم سیکٹر اور کمانڈر ملٹری ریجن کاسا بلانکا سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے مراکش کے عوام اوربا لخصوص مراکش کی بحریہ کے لیے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا۔

دونوں ممالک کے حکام نے پاکستان اور مراکش کے مابین برادرانہ تعلقات میں مزید اضافے کے عزم کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

مشن کمانڈر نے گزشتہ سال پاک بحریہ کے بحری جہازوں کو کاسا بلانکا کی بندر گاہ آنے پر مراکش حکام کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

مشن کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور بین الاقوامی سمندر میں امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ مشن کمانڈر نے دورے کے دوران مراکشی حکام کا پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی بھرپور معاونت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مزید برآں متعدد مراکشی حکام کے ساتھ ملاقاتوں اور رابطوں میں مراکشی برادران کے ساتھ بھائی چارگی کا رشتہ مزید مضبوط بنانے کی فضا قائم کی گئی۔



بندر گاہ پر قیام کے دوران پی این ایس معاون پر استقبالیہ عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔ عشائیے میں مراکش بحریہ کے سینئر افسران ، سفراء اور معروف مقامی شخصیات کے ساتھ مہمانان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشن کمانڈر نے کشمیر میں بھارتی بر بریت ، کشمیریوں کی حالت زار اور کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی جدود جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں معزز شخصیات کو آگاہ کیا۔


دورے کے آخر میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں نے مراکش بحریہ کے جہازکے ساتھ دوطرفہ بحری مشق میں حصہ لیا۔
 پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی حالیہ تعیناتی کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات ، بحری تعاون اور میزبان بحری افواج کے ساتھ باہمی آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہے۔