گوجرانوالہ، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر ایس ایچ او کے خلاف انکوائری کا حکم

جمعہ 15 نومبر 2019 21:08

گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) شہری کے گھردھاوابول کرخواتین خانہ سے مبینہ غنڈہ گردی ‘بدتمیزی ‘چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے والے ایس ایچ اوتھانہ سیٹلائٹ ٹائون ملک اصغر اوردیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف ڈی آئی جی گوجرانوالہ ریجن نے انکوائری کا حکم دیدیا۔ ذرائع کے مطابق ایس ایچ او ملک اصغر قبل ازیں بھی معزز شریف شہریوں پر دہشت گردی ‘ناجائز فروشی کے جھوٹے الزامات لگا کر بلیک میل کر کے بھاری رقوم رشوت وصول کرنے کے جرم میں متعدد بار ملازمت سے فارغ ہوتا رہا ہے ۔

گذشتہ دنوں دوبارہ بحال ہو کر منور منیر نامی شریف شہری کے گھر کے تالے ‘دروازے توڑ کر اندر داخل ہو گیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ اس کی اہلیہ اور جوانسال بیٹیوں سے بدتمیزی و بدمعاشی کی جبکہ اس کے چھوٹے بھائی اشرف منیر پر تشدد کیا اور چار پولیس اہلکاران اسلحہ کیساتھ چھت پر چڑھ گئے اس غنڈہ گردی کے واقعہ کا شور سنکر اہل محلہ موقعہ پر و قوعہ پر جمع ہو گئے اور متذکرہ پولیس گردی کے خلاف زبردست نعرے بازی و احتجاجی مظاہرہ کیا، شہری کی درخواست پر آر پی او گوجرانوالہ نے فوری تحقیقات کا حکم دیدیا تاہم تفتیشی افسر شبیر بٹ سائلین سے تعاون نہیں کر رہا جس کے خلاف متاثرہ خاندان نے آئی جی پنجاب پولیس اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہائوس کے آگے دھرنا دینے کا اعلان کیا، دریں اثناء واقعہ کیخلاف متاثرین نے تحصیل روڈ بند کر کے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا دوسری طرف عوامی ‘شہری ‘سماجی ‘سیاسی حلقوں انسانی حقوق و انصاف کمیشن پاکستان نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سخت تشویش و تنقید کی ہے جبکہ اس سلسلہ میں شہریوں کا وفد آج سی پی او گوجرانوالہ سے خصوصی ملاقات کریگا ۔