Live Updates

موجودہ حکمران پاکستانی عوام پر حکمرانی کے لائق نہیں ،یہ نامزدکردہ اور مینڈیٹ چور حکمران ہے ،فضل الرحمن

حکمرانوں کا گھر جانا چند دنوں کی بات ہے ،، کسی کے دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں جس مقصد کیلئے نکلے ہیں وہ حاصل کرکے ہی رہیں گے،عمران خان کے استعفے کے بغیر گھر واپس نہیں جائیںگے،سربراہ جے یو آئی (ف)کا اجتماع سے خطاب

جمعہ 15 نومبر 2019 23:51

موجودہ حکمران پاکستانی عوام پر حکمرانی کے لائق نہیں ،یہ نامزدکردہ ..
نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران پاکستانی عوام پر حکمرانی کے لائق نہیں ہے کیونکہ یہ منتخب حکومت نہیں بلکہ نامزدکردہ اور مینڈیٹ چور حکمران ہے اور کوئی بھی چور امین نہیں اور جو امین نہیں وہ صادق کیسے ہو سکتا ہے ،پاکستانی عوام ، سیاسی لیڈر شپ ، تاجر برادری سمیت ملک کے ہر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے آزادی مارچ میں کسی نہ کسی حوالے سے شرکت کرکے عمران خان اور ان کی حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے آزادی مارچ کے پلان بی کے دوسرے روز حکیم آباد نوشہرہ جی ٹی روڈ پر کارکنوں کے ایک بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جمعیت علمائ اسلام ضلع نوشہرہ کے امیر قاری محمد اسلم، جنرل سیکرٹری مفتی حاکم علی حقانی، الحاج پرویز خٹک ون، فضل اکبر باچا، قاری اختر شید، قاری ریاض اللہ، عاصم خان علی زئی، ناصر خان یوسفزئی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں کا گھر جانا چند دنوں کی بات ہے آزادی مارچ کے شرکا ئ کی ہمت،جرات اور نظم وضبط کو سلام پیش کرتا ہوں کہ اتنے بڑے احتجاج میں قومی املاک سلامت رہے یہاں تک کہ مارچ کے شرکائ نے از خود عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمبولینسز کو راستہ دیا ہے یہی مہذب اور جمہوری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی پہچان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سا لمیت ملک میں جمہوریت کی بقائ اور تحفظ ختم نبوت سمیت اس ماں دھرتی کی ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں کے سروں پر حیائ کے چادر رکھنے کیلئے نکلے ہیں ہمارے آزادی مارچ اور دھرنے کی تشبیہ تحریک انصاف کے دھرنوں سے نہ دی جائے وہ ملک میں جنسی آلودگی اور ملک کو دوسروں کے ایجنڈے پر چلانے کیلئے نکلے تھے قوم نے فیصلہ دے دیا ہے اب عمران خان کنٹینر پر کئے گئے اپنے وعدوں کا پاس رکھتے ہوئے مستعفی ہوجائے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران آزادی مارچ کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کے شکار ہوگئے ہیں ایک طرف مذاکرات کی بات کررہے ہیں تو دوسری طرف دھمکی آمیز لہجہ استعمال کیاجارہاہے کسی کے دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں جس مقصد کیلئے نکلے ہیں وہی مقصد حاصل کرکے ہی رہیں گے اور ہمارا مقصد سلیکٹیڈ وزیراعظم کا استعفیٰ ہے عمران خان کے استعفے کے بغیر گھر واپس نہیں جائیںگے جمعیت کے کارکنوں لیڈر شپ سمیت تمام سیاسی لیڈر شپ اس بات پر متفق ہے کہ عمران خان منتخب نہیں نامزد کردہ ہے وہ فلفور استعفیٰ دے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات