کراچی میں انکروچمنٹ آپریشن کے نام پر لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کیا جا رہا ہے، سید مصطفی کمال

ماضی میں بھی انکروچمنٹ آپریشن ہوا کرتے تھے لیکن سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ریاست ماں کا کردار ادا کرتی تھی اور بے گھر ہونے والے افراد کو رہنے کے لئے چھت فراہم کرتی تھی۔ شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، کسی پلاننگ کے بغیر شہر کو تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

جمعہ 15 نومبر 2019 23:56

کراچی میں انکروچمنٹ آپریشن کے نام پر لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں انکروچمنٹ آپریشن کے نام پر لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں بھی انکروچمنٹ آپریشن ہوا کرتے تھے لیکن سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ریاست ماں کا کردار ادا کرتی تھی اور بے گھر ہونے والے افراد کو رہنے کے لئے چھت فراہم کرتی تھی۔

شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، کسی پلاننگ کے بغیر شہر کو تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی کو صرف دودھ دینے والی گائے سمجھتی ہیں جسے چارہ بھی نہیں ڈالا جاتا۔ اب یہاں کے شہریوں کے مسائل میں اضافہ کرنے کے لیے واٹر بورڈ کو پرائیویٹائز کرنے کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے، جو شہر پورے پاکستان کو پال رہا ہے اب وہ پانی بھی خرید کر پیئے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ڈویڑن کے زمہ داران سے پاکستان ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کتے کاٹ رہے ہیں اور لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ان کتوں کو ویکسین نہیں لگائی جا رہی تاکہ قیمتی انسانی جانیں ضائع نہ ہوں۔ حکمران ظالم بنے ہوئے ہیں، انہیں عوام کی جان و مال سے کوئی سروکار نہیں بلکہ اپنی جیبیں گرم کرنے سے مطلب ہے۔ صوبہ سندھ میں صوبائی حکومت سندھ کے نام پر اردو اور سندھی بولنے والے سندھیوں کے حقوق سلب کر کے بیٹھی ہے، پاک سرزمین پارٹی بلاامتیاز عوامی خدمت کی ایسی مثال قائم کرے گی جس سے کراچی سے کشمور تک کی عوام کو فخر ہوگا۔ پاک سرزمین پارٹی کی کامیابی میں ہی سب کی کامیابی ہے۔#