کاروباری ہفتے کا آخری روز ملکی معیشت کیلئے زبردست ثابت ہوا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مزید تیزی، ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 15 نومبر 2019 20:31

کاروباری ہفتے کا آخری روز ملکی معیشت کیلئے زبردست ثابت ہوا
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 نومبر2019ء) کاروباری ہفتے کا آخری روز ملکی معیشت کیلئے زبردست ثابت ہوا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مزید تیزی، ڈالر کی قیمت میں بھی کمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ایک سال کے مشکل وقت کے بعد ملک کی معیشت مسلسل اور تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ رواں کاروباری ہفتہ بھی ملکی معیشت کیلئے بہترین ثابت ہوا۔ پورے کاروباری ہفتے کے دوران ایک جانب کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ہوئی تو دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج میں بھی زبردست اور مزید تیزی دیکھی گئی۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید 5 پیسے سستا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 155 روپے 39 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

جبکہ انٹر بینک کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت 155 روپے 40 پیسے پر برقرار ہے۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی حصص مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث مزید تین حدیں بحال ہو گئیں۔ 37300، 37400، 37500 کی حدیں بحال ہوئیں۔ آج پورے کاروباری روز کاروبار کے دوران 0.91 فیصد کی بہتری دیکھی گئی، دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر انڈیکس 37634.75 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تھا، تاہم یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 340.69 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 37583.89 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ جبکہ واضح رہے کہ رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 824.94 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی گئی تھی، دوسرے روز 37.54 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی تھی۔ تیسرے روز انڈیکس میں ایک مرتبہ پھر تیزی لوٹ کر آئی اور 401.40 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھی گئی۔ چوتھے روز 76.24 پوائنٹس جبکہ آج کاروباری آخری روز 340.69 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔