گلوبل وارمنگ سے پاکستان سمیت پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اس کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کرنا ہونگے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سرسبز پائیدار فن تعمیر کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:06

گلوبل وارمنگ سے پاکستان سمیت پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اس کے چیلنجز ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 نومبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلوبل وارمنگ سے پاکستان سمیت پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، اس کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں جمعہ کو سرسبز پائیدار فن تعمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں، ثقافتی ورثہ سے متعلق امور پر غور و خوض ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے ملکی ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، حکومت کا گرین و کلین پاکستان منصوبہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کرنا ہوں گے، ماحولیاتی تبدیلی سے سیاحت سمیت مختلف شعبے متاثر ہورہے ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں گلوبل وارمنگ کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ نہیں، ماحولیاتی تبدیلی سے کرہ ارض پر موجود حیات کو خطرات لاحق ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آبی قلت جیسے سنگین مسائل جنم لے رہے ہیں۔