غزہ میں اسرائیل اور جہاد اسلامی کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:10

غزہ سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) غزہ میں دو روز سے جاری شدید جھڑپوں کے بعد اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو گیا ہے تاہم اب بھی کچھ علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم ‘ جہاد اسلامی‘ کے ترجمان مصعب البریم نے اسرائیل اور تنظیم کے درمیان سیز فائر پر اتفاق کا اعلان کرنے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کیلئے مصر نے کلیدی اور ثالثی کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں امن معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں اسرائیل نے جہاد اسلامی کی کئی شرائط کو مان لیا ہے۔

مصعب البریم نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کا اطلاق ہو چکا ہے، جہاد اسلامی کے راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی فوج کے میزائل حملوں کے باعث جنگ زدہ غزہ میں 3 روز سے معمولات زندگی معطل تھے اور معصوم جانوں کا نقصان ہو رہا تھا۔ ادھر اسرائیل کی جانب سے فائر بندی کی تصدیق نہیں کی گئی۔