سعودی ٹیم کا فٹبال میچ، ولی عہد کا ملکی شائقین کو جاپان مفت لے جانے کا اعلان، چار طیارے مختص کردیئے

ہفتہ 16 نومبر 2019 00:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2019ء) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جاپان میں الہلال کلب کے ہونیوالے فٹبال میچ کو دیکھنے کیلئے سعودی شائقین کو لے جانے کی غرض سے 4 طیارے فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپان میں ہونے والے ایشیا کپ میں سعودی عرب کی الہلال کلب ٹیم شرکت کررہی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اپنی طرف سے الہلال کے مداحوں کو 24 نومبر کو جاپان کے سایٹاما اسٹیڈیم تک لے جانے کیلئے 4 جہاز فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جس کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ولی عہد کی خواہش ہے کہ جاپان میں ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے سعودی شائقین سٹیڈیم میں موجود ہوں جس کیلئے متعلقہ اداروں کو تمام تر تیاری کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ یہ اعلان ریاض کے شاہ سعود یونیورسٹی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں الہلال کلب کی کامیابی کی خوشی میں کیا گیا ہے۔