دو مغربی مغویوں کا تین طالبان قیدیوں کے ساتھ تبادلہ موخر کردیا گیا

عسکری گروہ نے مغویوں کو نئے اور محفوظ مقام پر منتقل کردیاہے،طالبان ذرائع کی گفتگو

ہفتہ 16 نومبر 2019 11:25

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2019ء) افغان حکومت کے عہدیدار نے بتایا ہے کہ دو مغربی مغویوں کا تین طالبان قیدیوں کے ساتھ تبادلہ موخر کردیا گیا جبکہ طالبان ذرائع نے بتایا ہے کہ عسکری گروہ نے مغویوں کو نئے اور محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ طالبان کے عسکری گروپ حقانی کی3 رہنماؤں کا تبادلہ یونیورسٹی کے 2 پروفیسرز سے کریں گے جس میں ایک امریکی کیون کنگ اور ایک آسٹریلوی ٹموتھی ویک شامل ہیں۔

مذکورہ معاہدے کو افغان حکومت کی جانب سے طالبان کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے حوالے سے خاصہ اہم سمجھا جارہا تھا جو کابل حکومت کو کٹھ پتلی قرار دے کر ان کے بات چیت سے انکاری تھے۔

(جاری ہے)

تاہم واشنگٹن میں موجود سفارت کار کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد کا تبادلہ نہیں ہوسکا اس ضمن میں جمعے کے روز ایک افغان عہدیدار نے بتایا کہ اسے موخر کردیا گیا ہے اور مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

دوسری جانب طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس التوا کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کا تبادلہ نہ ہونے کے پیچھے امریکا قصوروار ہے۔اس سلسلے میں حقانی نیٹ ورک کے رہنما کے بھائی انس حقانی کے رشتہ دار سمیت 3 طالبان ذرائع نے بتایا کہ عسکری کمانڈرز کو رہا کر کے قطر روانہ کیا جانا تھا لیکن انہیں افغان دارالحکومت کابل سے دور بگرام جیل میں واپس بھیج دیا گیا۔

انس حقانی کے رشتہ دار نے بتایا کہ ہماری ان سے اس وقت بات ہوئی تھی جب انہیں بگرام جیل سے نکالا گیا تھا اور انہیں نئے کپڑے بھی دیے گئے تھے تاہم معاملے کی حساسیت کے پیشِ نظر انہوں نے مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیں بتایا کہ طالبان اراکین کو طیارے میں سوار کروانے کے لیے لے جایا جارہا ہے اور ہم دوحہ میں ان کی آمد کا انتظار کرتے رہے لیکن کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد ہمیں شبہ ہوا۔

مزید ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں نے جیل میں طالبان قیدیوں اور افغان سیکیورٹی فورسز کیا راکین سے قیدیوں کی واپس بگرام جیل منتقلی کے بارے میں سنا، اس اقدام نے طالبان کوحیران اور دل گرفتہ کردیا ہے۔اس معاملے سے باخبر تیسرے ذرائع نے کہا کہ معاہدہ یہ تھا کہ جب ہمارے قیدی وطر پہنچ جائیں گے تو ہم ان کے قیدی رہا کردیں گے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمانڈرز کے قطر نہ پہنچنے پر طالبان نے فوری طور پر کیون کنگ اور ٹموتھی ویکس کو ایک نئی اور محفوظ جگہ‘ منتقل کردیا۔

طالبان ذرائع کا کہنا تھا کہ انہوں معلوم نہیں کہ ان کے قیدیوں کو دوحہ کیوں روانہ نہیں کیا گیا جبکہ افغان حکومت اور کابل میں موجود امریکی سفارت خانے نے اس حوالے سے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ادھر آسٹریلوی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شہری کی رہائی کی کوشش کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ نہیں کرسکتے۔