Live Updates

حکومت مریم نواز کو کبھی باہر جانے نہیں دے گی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے واضح کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 نومبر 2019 12:19

حکومت مریم نواز کو کبھی باہر جانے نہیں دے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت مریم نواز کو کبھی باہر جانے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج حکومت نواز شریف کے ساتھ مریم نواز کو بھی ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دے تو یہ لوگ سات ارب کے بانڈز فوری اور خوشی سے جمع کرادیں گے مگر ہم مریم بی بی کو کبھی باہر جانے نہیں دیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ اگر خواجہ سعد رفیق کے پاس بانڈز ہوتے تو اُنہوں نے بانڈز دے دینا تھے کیونکہ ان کے پاس بانڈز بہت ہوتے تھے لیکن خواجہ آصف کہتے ہیں کہ 22 کروڑ عوام نواز شریف کی ضامن ہے۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ہم سب ان کے ضامن ہیں لیکن ان سب کے گھر والے بھی نواز شریف کے ضامن نہ بنیں کیونکہ ن لیگ کے پہلے پانچ بندے مفرور ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری میں کوئی سازش نہیں ہورہی لیکن دھرنے میں سازش ہورہی تھی کرتار پورراہداری سے دنیا میں پاکستان کا مثبت چہرہ اور امیج گیا اور دنیا بھر نے ہمارے اس اقدام کو سراہا ۔ خیال رہے کہ حکومت نے طبی بنیادوں پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کی اجازت دی تھی۔ لیکن حکومت کی جانب سے سات ارب روپے مالیت کے شورٹی بانڈز کی شرط نے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کو مزید تاخیر کا شکار کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ہمراہ ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی بیرون ملک روانہ ہونا چاہتی تھیں لیکن ان کی قانونی ٹیم نے انہیں پاسپورٹ واپسی کے لیے عدالت سے رجوع نہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ فی الوقت عدالت سے فوری ریلیف ملنے کا امکان نہیں ہے جس کے بعد مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے خاموشی اختیار کر لی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات