79 سالہ شخص آن لائن ڈیٹنگ کے فراڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے گنوا بیٹھا

یورپی سوشل میڈیا پر خاتون نے ایک سال قبل اس سے دوستی کی تھی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 16 نومبر 2019 14:15

79 سالہ شخص آن لائن ڈیٹنگ کے فراڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے گنوا بیٹھا
ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 نومبر 2019ء) : 79 سالہ بھارتی شہری آن لائن ڈیٹنگ کے فراڈ کی وجہ سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ تفصیلات کے مطابق یورپی سوشل میڈیا کی سائٹ پر ایک 79 سالہ شخص کی ایک سال قبل ایک خاتون سے دوستی ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ اس کیس کی جلد ہی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص ایک ریٹائرڈ انجینئیر ہے جس نے اپنی اہلیہ کے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے زیورات اس فراڈ کی نذر کر دئے ۔

جبکہ اُس خاتون کی خاطر متاثرہ شخص ملند میں موجود اپنا فلیٹ تک فروخت کرنے کو تیار تھا لیکن امریکہ میں مقیم اس کے بیٹے نے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی ایک یورپین سوشل میڈیا سائٹ پر 44 سالہ ہسپانوی خاتون سے دوستی ہوئی تھی جس نے اپنا نام ویویان لوٹ بتایا تھا۔

(جاری ہے)

اُس نے متاثرہ شخص کو بتایا کہ وہ اپنا ایک جیولری پارسل بھیج رہی ہے۔

جب اُس نے لینے سے انکار کر دیا تو اُس نے اس جیولری پارسل کو ایک یتیم خانہ میں دینے کا کہا۔ ایک ماہ کے بعد اس شخص کو رادھیکا شرما نامی ایک خاتون کی کال موصول ہوئی جس نے خود کو کسٹمز آفیسر ظاہر کیا اور متاثرہ شخص سے ان زیورات کے پارسل پر ڈیوٹی ادا کرنے کا کہا جسے اُس نے ادا کر دیا۔ اس کے ایک ہفتے کے بعد رادھیکا شرما نامی خاتون نے دوبارہ اُس شخص کو فون کیا اور کہا کہ غیر ملکی کرنسی رکھنے کے جُرم میں اسے دہلی ائیرپورٹ پر دھر لیا گیا ہے۔

اور متاثرہ شخص سے تیس لاکھ روپے جُرمانہ بھرنے کی درخواست کی، جس پر متاثرہ شخص نے اپنی اہلیہ کی زیورات فروخت کر کے وہ پیسے اُسے دے دئے۔ پولیس حکام نے کہا کہ متاثرہ شخص اپنا فلیٹ بھی فروخت کرنے ہی والا تھا کہ اُس نے بیٹے نے اپنے والد کو ایسا کرنے سے روک دیا۔