شعیب ملک نے برے وقت میں حال تک نہیں پوچھا:عمران نذیر

خوش قسمت ہوں عبدالرزاق،شاہدآفریدی،اظہر زیدی اور رانا نوید الحسن جیسے لوگ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہے:قومی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 16 نومبر 2019 15:03

شعیب ملک نے برے وقت میں حال تک نہیں پوچھا:عمران نذیر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16نومبر2019ء) جارح مزاج ٹیسٹ اوپنر عمران نذیر نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شعیب ملک کیساتھ بڑا اچھا وقت گذارا لیکن انہیں افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جب ان پر برا وقت آیا، تو شعیب ملک نے انہیں مڑ کر بھی نہیں پوچھا، تم کس حال میں ہو۔دسمبر میں اپنی 38ویں سالگرہ منانے والے عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اپنی بیماری کے سبب ان کی ساری جمع پونجی علاج پر خرچ ہو گئی، اس برے وقت میں ٹیسٹ آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے بہترین دوست کا کردار ادا کیا، انہوں نے کبھی نہیں پوچھا، پیسے کب لوٹاﺅ گے، بس کہا کتنے پیسے کی ضرورت ہے اور بھجوا دیئے۔

انہوں نے اظہر زیدی کا بھی خاص تذکرہ کرتے ہو ئے بتایا کہ وہ تو ہمارے بڑے ہیں، اس برے وقت میں انہوں نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا۔

(جاری ہے)

پاکستان کےلئے 1999ءسے 2012ءتک 8 ٹیسٹ 79 ون ڈے اور 25 ٹی ٹونٹی کھیلنے والے عمران نذیر ون ڈے کر کٹ میں فخر زمان ( 210ناٹ آﺅٹ) اور سعید انور( 194 )کے بعد ورلڈ کپ2007ءمیں 160رنز کی اننگز کھیل کر تیسری بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے قومی بیٹسمین ہیں، انکا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کو جب میری بیماری کا پتہ چلا تو انہوں نے مجھے فون کیا اور کہا کہ میرا منیجر آپ سے رابطہ کرےگا، پھر انہوں نے جو کیا، اس کےلئے انکا بےحد مشکور ہوں۔

عمران نذیر نے بتایا کہ عاقب جاوید نے مجھے فون کیا کہ آپ اب کر کٹ دوبار شروع کر رہے ہیں، آئیں اور ہمارے ساتھ کام کریں، لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا نے مجھ سے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ آپ کو مالی تنگی ہے لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم آپ کو ماہانہ قلندرز کی جانب سے معاوضہ دیں گے۔عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اپنے اچھے وقت میں انہوں نے کبھی کسی کی مدد سے انکار نہیں کیا، ہاں اگر بھول چوک ہو گئی ہو، تو انہیں یاد نہیں، انکا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے کیریئر میں اتار چڑھاﺅآتے ہیں اور اس عرصے میں اس کے بہترین دوست ہی اس کا سہارا بنتے ہیں، اور وہ خوش قسمت ہیں کہ عبدالرزاق، اظہر زیدی اور رانا نوید الحسن جیسے لوگ مشکل وقت میں ان کیساتھ کھڑے رہے۔