بھارت نے 40 ہزار فوجی پاکستانی سرحد کے قریب پہنچا دئیے

18 نومبر تک وقت بہت اہم! بھارتی فوجیوں کی مشقوں کے لیے ٹینک ، آرٹلری گن اور ہیلی کاپٹر بھی پہنچا دئیے گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 16 نومبر 2019 15:48

بھارت نے  40 ہزار فوجی پاکستانی سرحد کے قریب پہنچا دئیے
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 نومبر2019ء) پاکستانی سرحد کے قریب 40 ہزار بھارتی فوجی مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستانی سرحد کے قریب کو مشقوں کا دوسرا مرحلہ جاری ہے۔برمر اور جیسلمر کے درمیان 13 سے 18 نومبر کے درمیان مشقوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔اس کے دوران بھارتی فوج نقل و حرکت کے ٹیسٹ کرے گی۔ان مشقوں میں 40 ہزار سے زائد فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

اس میں کئی ٹینک ، آرٹلری گن اور ہیلی کاپٹر بھی حصہ لےر ہے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھارت کے دفاعی تجزیہ کار وجے سمہا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوج نے پاکستان پر بھرپور قوت سے حتمی حملہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی دفاعی تجزیہ کار کے مطابق بھارتی فوج نے پاکستان کیخلاف ملٹری آپریشن کا نام ویاگراہا مکھا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

اس آپریشن کے تحت بھارتی فوج پاکستان پر کارگل کے محاذ سے حملے کا آغاز کرے گی۔

حملے کے آغاز کے بعد بھارتی فوج پاکستان کیساتھ 12 سو کلومیٹر طویل سرحد کے تمام محاذوں سے حملہ کرے گی۔ بھارتی دفاعی تجزیہ کار کے دعوے پر پاکستان کے دفاعی تجزیہ کار زید حامد نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے ایسا کیا تو پھر بھارت اپنے دارالحکومت نئی دہلی کو بھی اپنے ہاتھ سے گنوا دے گا۔ زید حامد کی جانب سے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر گزشتہ 2 روز کے دوران کی جانے والی اشتعال انگیزی پر بھی ردعمل دیا گیا ہے۔

زید حامد کہتے ہیں کہ بھارتی فوج کے عزائم واضح ہیں۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر جس قسم کے ہتھیار پہنچا دیے ہیں، اس سے واضح ہے کہ وہ صرف اشتعال انگیزی پر اکتفا نہیں کرے گی۔ سرحد پر بھاری ہتھیار پہنچانے کا مقصد یہی ہے کہ کسی وقت آزاد کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کی جائے۔ زید حامد کا بتانا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے سرحد محاذ پر امریکی ساختہ سیٹلائٹ گائیڈڈ آرٹلری کا استعمال بھارتی فوج کے خطرناک عزائم کو واضح کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر خوفناک اشتعال انگیزی کی گئی تھی۔ بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کے باعث پاک فوج کا ایک جوان جبکہ متعدد نہتے شہری شہید ہو گئے۔ بھارت فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پاک فوج نے بھی منہ توڑ کاروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کے پرخچے اڑا دیے تھے۔

پاک فوج کی جوابی کاروائی میں بھارتی فوج کے 9 فوجی جہنم واصل کر دیے گئے تھے۔ جبکہ پاک فوج کے ہاتھوں پھینٹی کھانے کے بعد بھارتی فوج نے سفید پرچم لہرا کر پاک فوج سے سیز فائر کی درخواست کی اور پھر اپنے جہنم واصل کردہ فوجیوں کی لاشیں اٹھائیں۔ پاک فوج نے اپنی کاروائی میں ناصرف بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کیا، جبکہ بھارتی فوج کی چوکیاں بھی مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں۔