ساڑھے 3سالوں کی کارکردگی گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہے، محمد فاروق حیدر خان

ہفتہ نومبر 18:43

ساڑھے 3سالوں کی کارکردگی گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہے، محمد فاروق حیدر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ساڑھے 3سالوں کی کارکردگی گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہے، دس ارب کا ترقیاتی بجٹ24ارب روپے تک پہنچ گیا۔26سالوں کے بعد وفاقی محصولات میں آزادکشمیر کا حصہ بڑھایا گیا اور ہم اب اپنے انتظامی بجٹ میں مکمل طور پر خود کفیل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق امیدوار اسمبلی اور مرکزی رہنما ن لیگ شعیب عابد کی بطور وائس چیئرمین لوکل گورنمنٹ بورڈ آزادکشمیر مقرر ہونے پر لیگی کارکنا ن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان، وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر اور لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ تیرہویں آئینی ترمیم کے ذریعے 44سالوں بعد آزادکشمیر کے عبوری آئین میں عوامی مطالبہ پر بنیادی تبدیلیاں لائی گئیں۔

بارہویں ترمیم کے ذریعے ختم نبوت کو آئین کا باضابطہ حصہ بنایا۔ ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر بھر میں لیگی کارکنان فکری لام بندی کریں، تحریک آزاد ی کشمیرکے ساتھ اپنی وابستگی مضبوط کریں،آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں عوام اور تارکین وطن کو رائے شماری کے نقطہ پر اکھٹا ہونا پڑے گا۔ نظریاتی محاذ پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان ہمارا محسن ہے، پاکستان نے ہمیشہ ہماری مدد کی،ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ہندوستان جارح ہے پاکستان ہمارا مددگار ہے۔