Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر ہو ا، دھرنے سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا،مساجد کو تالے لگانا بھارت کے سیکولر ہونے کے دعوے کی نفی ہے،

بھارت تنگ نظر انتہا پسند ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے،عثمان بزدار

ہفتہ 16 نومبر 2019 18:51

وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر ..
لاہور۔16 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 104 روز سے جاری بدترین کرفیو اس صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے، کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کر کے بھارتی وحشت آشکار ہو چکی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے، بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے، عالمی برادری معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم اور جبر کی دنیا کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی۔ مسلمانوں کو عبادت سے روکنے کیلئے مساجد کو تالے لگانا بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کے دعوے کی نفی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر اور دیگر ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت تنگ نظر انتہا پسند ریاست میں تبدیل ہو چکا ہے اور ہندوئوں کی انتہاپسندی کی وجہ سے بھارت میں اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت جان لے، مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے سے تنازع کشمیر دنیا کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکتا۔ کیا ظلم و جبر سے پھول کھلیں گے یا تشدد جنم لے گا ہر عمل کا رد عمل ہوتا ہے ، ظلم اور زیادتیوں کا رد عمل خوفناک ہو سکتا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر متنازع علاقہ اورحل طلب تصفیہ ہے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مقبوضہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر ہو ا جبکہ دھرنے کی وجہ سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں، ہمارے اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔ کشمیر میں شمع آزادی بجھنے نہیں پائے گی۔مسلسل کرفیو اور بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود آج بھی کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم پورے نہیں ہوںگے۔پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوںکوکبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات