نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ‘ شہباز شریف

علاج اور بیماری کی تشخیص جو فوری ہونا چاہیے تھی اس میں حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے‘ کارکنوں سے خطاب

ہفتہ 16 نومبر 2019 21:07

نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ملنے پر پوری قوم کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2019ء) پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی غیر مشروط اجازت ملنے پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا علاج اور بیماری کی تشخیص جو فوری ہونا چاہیے تھی اس میں حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے،عدالت نے حکومت کی جانب سے عائد ساڑھے 7ارب کے انڈیمنٹی بانڈ کی شرط بھی مستر دکر دی ہے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے فیصلے کے بعد عدالت کے احاطے میں جمع کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عدالت عالیہ نے اربوں روپے کے ضمانتی بانڈ کی حکومتی شرط کو نامنظور کرتے ہوئے نواز شریف کو فی الفور بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔

(جاری ہے)

عوام کی دعائیں رنگ لے آئی ہیں ، میر ی والدہ کی دعائیں اللہ تعالیٰ نے منظور فرمائی ہیں ۔

پوری قوم کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں جنہوں نے نواز شریف کے لیے دعائیں کی تھیں۔ میں وکلاء کی ٹیم کا مشکور ہوں ، میں عدالت عالیہ کا مشکور ہوں جس نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا علاج اور بیماری کی تشخیص جو فوری ہونا چاہیے تھی اس میں حکومت کی پیدا کردہ آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے۔اللہ تعالی نواز شریف کے سفر کو مبارک کرے اور نواز شریف جلد صحتیاب ہوکر وطن واپس آئیں۔