نواز شریف کی طبی بنیادوں پر باہر جانے کی عدالتی اجازت قابل اطمینان ہے ، اسفندیار ولی خان

کاش یہ فیصلہ خود حکومت کر لیتی، لیکن افسوس کہ حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی،ایک طرف حکومت انسانیت کا ڈھونگ رچا رہی تھی دوسری جانب بارگیننگ بھی کر رہی تھی،سابق صدر آصف زرداری کو بھی علاج اور ڈاکٹر کے حوالے سے ہر جائز موقع ملنا چاہئے،مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی

ہفتہ 16 نومبر 2019 21:07

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر باہر جانے کی عدالتی اجازت قابل اطمینان ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی بنیادوں پر باہر جانے کی عدالتی اجازت قابل اطمینان ہے۔ یہ بہت اچھا ہوا کہ عدالت نے میاں نواز شریف کی صحت کو دیکھتے ہوئے ان کو علاج کیلئے باہر جانے کی اجازت دی۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پر عدالتی فیصلہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا بھی اظہار کیا ہے کہ کاش یہ فیصلہ خود حکومت کر لیتی، لیکن افسوس کہ حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی۔ اسفندیار ولی خان نے مزید کہا ہے کہ حکومت اس معاملے میں دو محاذوں پر کھیل رہی تھی، ایک طرف تو انسانیت کا ڈھونگ رچا رہی تھی تو دوسری جانب بارگیننگ بھی کر رہی تھی۔

(جاری ہے)

مرکزی صدر نے حکومتی روئے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسی بابت حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے۔ اسفندیا ولی خان نے عدالت کے فیصلے پو خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے میرٹ اور انصاف پر مبنی فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری کے بارے میں بھی کہا کہ ان کو بھی علاج اور ڈاکٹر کے حوالے سے ہر جائز موقع ملنا چاہئے تا کہ وہ بھی رو بہ صحت ہوجائیں اور انصاف کا بول بالا ہو۔