چوتھی ای بی ایم پاکستان اوپن ٹینس چمپئن شپ (کل)سے شروع ہو گی

ٹورنامنٹ میں اعصام الحق، عقیل خان، مزمل مرتضیٰ سمیت250 کے قریب کھلاڑی شرکت کر ینگے

ہفتہ 16 نومبر 2019 21:13

چوتھی ای بی ایم پاکستان اوپن ٹینس چمپئن شپ (کل)سے شروع ہو گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2019ء) پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام چوتھی ای بی ایم پاکستان اوپن ٹینس چمپئن شپ کل (اتوار )سے باغ جناح ٹینس کورٹس میں شروع ہو گی ۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور سیکرٹری پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن رشید ملک نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پہلی بار پاکستان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں 250 کے قریب کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں اعصام الحق، عقیل خان، مزمل مرتضیٰ اور تمام بڑے نام شامل ہیں ۔

جونیئر انڈر 6 اور آٹھ، انڈر 10، انڈر 12 ، انڈر 14، انڈر 18، مینز سنگل، ویمن سنگل، مینز ڈبلز، ویمن ڈبلز، مین 35 پلس، 45 پلس اور 60 پلس کے ایونٹس شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ 22 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ رشید ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جونیئر کھلاڑیوں پر بہت زیادہ توجہ دی ہے جس کی وجہ سے ننھے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد اب ٹینس کی طرف آرہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے نشتر پارک میں نئے کورٹس کی منظوری دیدی ہے۔ مستقبل میں پاکستان اوپن ٹینس ٹورنامنٹ یہاں منعقد کروائیں گے۔ پہلے پاکستان اوپن کے بعد دوسرا پاکستان اوپر اگلے ہفتہ سے شروع ہوگا۔ انہوں نے ای بی ایم کی مینجمنٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا جو مسلسل چوتھا پاکستان اوپن منعقد کروا رہے ہیں۔ آ ج بروز اتوار 17 نومبر کو کوالیفائنگ رائونڈ کھیلا جائے گاجس کے بعد پیر کو افتتاحی تقریب ہوگی۔