نا بیناافراد کے حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کامیاب ،35روز میں مطالبات پورے کرنیکی یقین دہانی

امید ہے 35روز سے قبل ہی وعدہ پورا کر دیا جائیگا ‘ سربراہ حکومتی کمیٹی نذیر چوہان /پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرنا جاری

ہفتہ 16 نومبر 2019 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2019ء) حکومتی کمیٹی اور نا بیناافراد کے درمیان دھرنا ختم کرنے کے لئے مذاکرات کامیاب ہو گئے ، حکومتی کمیٹی نے 35روز میں تمام مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی کر ادی، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے چھٹے روز بھی دھرناجاری رکھا ۔ تفصیلات کے مطابق نا بینا افراد نے مسلسل 14ویں روز بھی ایوان وزیراعلیٰ کے سامنے کلب چوک مال روڈ پر دھرناجاری رکھا ۔

(جاری ہے)

حکومتی کمیٹی کے سربراہ نذیر چوہان کی سربراہی میں وفد نے نا بینا افراد سے طویل مذاکرات کئے اور انہیں یقین دہانی کرائی کی 35روز میں قواعد و ضوابط مکمل کر کے نا بینا افراد کے تمام مطالبات پورے کر دئیے جائیں گے بلکہ امید ہے کہ اپنا وعد ہ اس سے قبل ہی پورا کر دیں گے ۔ نا بینا افراد کے دھرنے کی وجہ سے مال روڈ کا ایک حصہ دونوں طرف سے بندہونے کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوںپر ٹریفک کا شدید دبائو رہا ۔ دوسری جانب پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ملازمین کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے دوپہر کے وقت پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ کو دونوںاطراف سے ٹریفک کے لئے بند رکھا ۔