Live Updates

ماضی میں ای سی ایل سے نام نکلنے پر بیرون ملک جانیوالوں میںکوئی سزا یافتہ نہیں تھا ،نواز شریف کا معاملہ الگ ہی: ہمایوں اختر

ہفتہ 16 نومبر 2019 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ لیگی رہنما ماضی میں جن لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکلنے پر بیرون ملک روانگی کی مثالیں دے رہے ہیں ان میں کوئی بھی سزا یافتہ نہیں تھا بلکہ ان کے کیسز تحقیقات کے مراحل میں تھے ،تحریک انصاف اور حکومت نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور نواز شریف کے معاملے میں بھی اس روایت کو قائم رکھیں گے ،مولانا فضل الرحمان راستے میں پڑا ہوا پتھر اٹھا نہیںرہے بلکہ آگے بڑھتے پاکستان کی راہ میں بھاری بھرکم پتھر رکھ رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نیب کی طرف سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں عدالت کی جانب سے نواز شریف پر عائد جرمانوں کے حوالے سے تحریری طور پر لکھ کر دیا گیا ۔ ای سی ایل میں توانسانی ہمدردی کی کوئی گرائونڈ موجود نہیں ۔

(ن) لیگ کے لوگ ماضی کے جن کیسز کا حوالہ دے رہے ہیں ان میں ای سی ایل سے نام نکلنے پر باہر جانے والا کوئی بھی شخص سزا یافتہ نہیں تھا جبکہ نواز شریف عدالت سے سزا یافتہ ہیں ۔ حکومت نے تو نواز شریف کی نازک صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں آسان راستہ فراہم کیا ہے ۔ (ن) لیگ والے کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر انڈیمنٹی بانڈ پر دستخط کر کے نواز شریف کو باہر لے جاتے اور پھر عدالت میں اسے چیلنج کر دیتے اور وہاں فیصلہ ہو جانا تھا ۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان مدارس کے طلبہ کو عوامی قوت قرار دے کر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ، راستوں کی بندش سے واضح ہے کہ اقتدار کے حصول کیلئے ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے لیکن انہیں حکومت کی مدت پوری ہونے کا انتظار کرنا ہوگا اور اس کے بعد انتخابی میدان میں فیصلے ہوں گے اور عوام بہترین منصف ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو کا آئندہ سال تک نئے انتخابات یا نیا وزیر اعظم آنے کا بیان اپنی سیاسی تسکین کے لئے ہے جس پر کسی کو کیا اعترا ض ہو سکتا ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات