چین کی مداخلت پر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے آپریشنز کا ٹھیکہ رواں ماہ کے آخر تک دے دیے جانے کا امکان

پاکستان نے چینی حکام کو اورنج لائن ٹرین کو سی پیک منصوبے کے تحت طے کردہ قوائد کے مطابق جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی یقین دہانی کروا دی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 نومبر 2019 22:39

چین کی مداخلت پر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے آپریشنز کا ٹھیکہ رواں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 نومبر2019ء) چین کی مداخلت پر اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے آپریشنز کا ٹھیکہ رواں ماہ کے آخر تک دے دیے جانے کا امکان، پاکستان نے چینی حکام کو اورنج لائن ٹرین کو سی پیک منصوبے کے تحت طے کردہ قوائد کے مطابق جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے چین کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اورنج لائن میٹر ٹرین منصوبے کو سی پیک کے طے شدہ قواعد کے مطابق ہی آپریشنل کیا جائے گا۔

چین کو بتایا گیا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے آپریشنز کا ٹھیکہ رواں ماہ نومبر کے آخر تک دے دیا جائے گا جس کے بعد جلد ٹرین چل پڑے گی۔ جبکہ چینی حکام نے اورنج لائن پر جاری کام کی رفتار کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ گجراں سے انار کلی تک 13سٹیشن پر کام مکمل کر لیا گیا ہے اور جلد اورنج لائن میٹروٹرین ڈیرہ گجراں تا انارکلی تک چلائی جا سکے گی اور ٹرین کو بجلی سے چلانے کا پہلی بار آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔

جبکہ 11دیگر سٹیشن پر کام کو رواں ماہ نومبر کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا اور ان سٹیشن پر کام مکمل ہونے کے بعد اورنج لائن میٹروٹرین کو پورے ٹریک پر بجلی سے چلا کر آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔ ٹرین کے آزمائشی ٹرائل کے موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا اور امید ہے کہ جنوری میں ٹرین پر عوام سفر کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو ابتدائی طور پر دسمبر 2017 تک آپریشنل کر دیا جانا تھا، تاہم مختلف وجوہات اور فنڈز کی کمی کے باعث منصوبے کی تعمیر کی تکمیل میں مسلسل تاخیر ہوتی رہے اور اب امکان ہے کہ 2 سال کی تاخیر کے بعد بالآخر اورنج لائن میٹرو ٹرین جنوری میں چل پڑے گی۔