Live Updates

ملکی معشیت بہتری کی جانب گامزن دیکھ کر اپوزیشن جماعتیں خوفزدہ ہو گئی ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اگر حکومت نے ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کر دیا تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 17 نومبر 2019 00:15

ملکی معشیت بہتری کی جانب گامزن دیکھ کر اپوزیشن جماعتیں خوفزدہ ہو گئی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2019ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک سزا یافتہ مجرم جس کا نام ای سی ایل میں تھا کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جس پر پاکستان مسلم لیگ(ن) اور مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کو حکومت کو کریڈٹ دینا چاہیے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنمائوں کو مشورہ ہے کہ وہ اپنے قائدین کی صحت پر سیاست کرنے سے باز رہیں، حکومت نے انسانی بنیادوں پر نواز شریف کو بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دی تھی، جب نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات دی جا سکتی ہیں تو آصف علی زرداری کو کیوں نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے پانچ افراد پہلے ہی مفرور ہیں اسلئے حکومت رسک نہیں لینا چاہتی تھی، عدالت نے نواز شریف پر 7 ارب روپے کا جرمانہ عائد کر رکھا ہے اسلئے کابینہ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ اگر نواز شریف باہر جانا چاہتے ہیں تو وہ شورٹی بانڈز جمع کرائیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ملکی معشیت بہتری کی طرف گامزن ہے جس سے اپوزیشن جماعتیں خوفزدہ ہو گئی ہیں، انہیں ڈر ہے کہ اگر حکومت اپنی پالیسیوں میں کامیاب ہو گئی اور ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کر دیا تو ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے مٹ جائے گی۔

معاون خصوصی برائے امور نوجواناں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی، بلاشبہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے لیکن حکومت مہنگائی کو روکنے، بیروزگاری کے خاتمے سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اور ان کے تحفظات دور کر دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات