عدنان سمیع سے ہمدردی کیوں کی،اشنا شاہتنقید کی زد میں

سوشل میڈیا صارفین نے عدنان سمیع اور اشناشاہ دونوں کو کھری کھری سنا ڈالیں

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 17 نومبر 2019 05:39

عدنان سمیع سے ہمدردی کیوں کی،اشنا شاہتنقید کی زد میں
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 نومبر2019ء)   جب بھی بھارت اورپاکستان کی بات ہوتی ہے تو مشہور گلوکار عدنان سمیع نے پاکستان کی مخالفت کی ہے۔یہاں تک کہ کشمیر کے معاملے میں بھی وہ بھارت کے حق میں پیش پیش رہے۔یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین عدنان سمیع کوکبھی بھی معافی نہیں دیتے۔مگر گزشتہ روز اداکارہ اشنا شاہ نے عدنان سمیع سے ہمدردی کرنے کی کوشش کی تو اسے بھی صارفین نے خوب خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

گلوکار عدنان سمیع خان کو پاکستان سے تعلق یاد دلانے اور ان کے ساتھ ہمدردی دکھانے پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین ٹی وی اداکارہ ا±شنا شاہ پر برس پڑے۔اداکارہ اشنا شاہ نے اپنی ٹوئٹ میں گلوکار عدنان سمیع کی مشہور حمد ”اے خدا“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے عدنان سمیع خان کی حمد سنی اور عدنان سمیع خان کے پاکستان سے متعلق خیالات پر افسوس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

عدنان سمیع آپ خدا کی طرف سے دیا ہوا تحفہ ہیں، خدا نے آپ کو قابلیت سے نوازا ہے آپ کو محبت پھیلانی چاہیے لوگوں کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔اشنا شاہ کی اس ٹوئٹ پر عدنان سمیع نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا میں ہر اس شخص سے پیار کرتا ہوں اور اس کی عزت کرتا ہوں جو ملک، ذات یا نسل سے قطع نظر میری عزت کرتا اور مجھ سے پیار کرتا ہے۔تاہم پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کو اشنا شاہ کا عدنان سمیع کو پاکستان سے تعلق یاد دلانا اور ان کے ساتھ ہمدردی جتانا کچھ زیادہ پسند نہیں آیا اور صارفین نے اشنا کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کس طرح عدنان سمیع پاکستان مخالف ٹوئٹس کرتے رہے ہیں۔

اکرام حسین نامی شخص نے کہا میڈم آپ اس شخص سے اتحاد کی توقع کررہی ہیں جس نے اس ملک کی مخالفت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عدنان سمیع آج جو کچھ ہے وہ پاکستان کی وجہ سے ہے مجھے حیرت ہوتی ہے ان لوگوں پر جو یہاں پیدا ہوئے، یہاں پلے بڑھے یہاں ملنے والے تمام حقوق سے لطف اندوز ہوئے لیکن جب سستی شہرت ملی خود غرض ہوگئے۔اس کے بعد اشنا شاہ کی وال پر تنقید کرنے والوں کا تانتا بندھ گیا جنہوں نے عدنان سمیع کو خوب کھری کھری سنائیں اور ساتھ میں عدنان سمیع کی ہمدردی کررنے پر اشنا شاہ کو بھی نہیں بخشااور اسے بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔