مطالبات کے حق میں20نومبر کوپنجا ب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینگے ‘تحریک اساتذہ پنجاب

حکومت بلدیاتی آرڈیننس2019میں فوری ترمیم کرکے تعلیمی اداروں کو بچائے‘ سجاد اکبرکاظمی،چوہدری سرفراز

اتوار 17 نومبر 2019 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) تحریک اساتذہ پنجاب نے اپنے مطالبات کے حق میں 20نومبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی آرڈیننس 2019 پر عملدرآمد سے تعلیمی ادارے سیاسی اکھاڑے بن جائیں گے اورنظام تعلیم انتشار کا شکار ہوجائے گا۔تحریک کے رہنمائوںسید سجاد اکبر کاظمی، چوہدری سرفراز، اللہ بخش قیصر، امتیاز عباسی، چوہدری صفدر اور دیگر نے کہا کہ ہر حکومت اپنے ورکرز کو نوازنے کے لئے بلدیاتی نظام رائج کرتی ہے اور ہر آنے والی حکومت سابقہ حکومت کے بلدیاتی نظام کو لپیٹ کر اپنی من مرضی کا بلدیاتی نظام رائج کرتی ہے۔

یہ عمل نظام تعلیم کے لئے زہر قاتل ہے۔ سابقہ ایم سی سکول بھی اسی بلدیاتی نظام کیوجہ سے تباہ ہوئے۔

(جاری ہے)

اب پھر تعلیمی اداروں کو بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کرکے ان کو تباہ و برباد کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔اساتذہ پہلے ہی پے پروٹیکشن ، ٹائم سکیل ، ان سروس پرموشن ، تعلیمی اداروں کی این جی اوز کو حوالگی، ریشنلائزیشن ، ٹیچنگ الائونس ، ایس ایس ایزکی مشروط مستقلی اور تین سال میں بی ایڈ نہ کرنے پر کنٹریکٹ اساتذہ کی ملازمت سے بے دخلی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔

پنجاب بھر کے اساتذہ میں بے چینی و اضطراب پایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری تعلیم پنجاب سے مطالبہ ہے کہ بلدیاتی آرڈیننس2019 میں فور ی ترمیم کرکے تعلیمی اداروں کو بلدیاتی نمائندگان کے تسلط سے نکالا جائے۔