گورنرسندھ ،پیرآف گولڑہ شریف اورحامدسعید کاظمی کی شاہ محمودقریشی سے ملاقات،ہمشیرہ اورکزنوں کی وفات پراظہارتعزیت

اتوار 17 نومبر 2019 16:25

ملتان ۔ 17 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2019ء) گورنرسندھ عمران اسمعٰیل ،پیر آف گولڑہ شریف پیر معین الحق گیلانی ‘ سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید کاظمی اور ممتاز عالم دین سید ارشد سعید کاظمی نے گزشتہ روز وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ باب القریش جاکروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ہمشیرہ مرحومہ اور ان کے کزنوں نواب عاشق حسین قریشی مرحوم اور نواب ریاض حسین قریشی مرحوم کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔

انہوں نے مرحومین کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لیے صبرو جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر ممتاز صنعت کار خواجہ یونس ‘ مفتی سمیع الحق خطیب اعظم گولڑہ شریف محمد اجمل کھچی ‘ محمد صدیق معین اور ڈاکٹر آصف قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔انہوںنے این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔

یوسی25 یوسف ڈوگر و مقصود ڈوگر کی رہائش گاہ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اور معززین علاقہ سے ملاقات کی۔ سابق یوسی ناظم ملک سلیم بھٹہ کی خوشدامن کی قل خوانی میں شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما انجینئر سخاوت حسین کے ماموں کی وفات پر فاتحہ خوانی کی۔ یوسی 62میں چودھری وکیل گجر کی فاتحہ خوانی میں شریک ہوئے ۔گھانگلہ چوک میں شریف میتلا کی اہلیہ کی فاتحہ خوانی کی۔

ملک سلیم اعوان کی فاتحہ خوانی میں شریک ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما صنوبر قریشی کی الیکٹرانک شاپ کا افتتاح کیا۔ یونین کونسل20میںپی ٹی آئی رہنما واجد شوکت کی رہائش گاہ پر گئے اور انہیں عمرہ کی مبارک باد دی۔ اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی ‘ سید بابر شاہ ‘ رانا عبدالجبار ‘ رانا افضل ودیگر ان کے ہمراہ تھے۔