Live Updates

نواز شریف کیس میں عدالت کے فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا گیا

وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو فیصلے کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی، جائزہ لینے کے بعد لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں تشکیل دیا جائے گا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 17 نومبر 2019 16:43

نواز شریف کیس میں عدالت کے فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 نومبر2019ء) نواز شریف کیس میں عدالت کے فیصلے سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو فیصلے کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا ہے کہ فیصلے کا جائزہ لینے کے بعد اس حوالے سے لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں تشکیل دیا جائے گا۔ ٹیم فیصلے کا جائزہ لے کر رپورٹ کابینہ میں پیش کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ میاں نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے۔ وزیراعظم عمران خان سے قانونی ٹیم نے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے قانونی ٹیم کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نواز شریف کے بارے میں عدالت کے فیصلے کے قانونی پہلوؤں پر مشاورت کرکے اس کی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کرکے ارکان کو تفصیلی طور پر آگاہ کرے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق فیصلے سے متعلق حکومتی لائحہ عمل کابینہ اجلاس میں طے کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کابینہ ارکان سے رائے لیں گے اور آئندہ کی حکمت عملی طے ہوگی۔ اجلاس میں فیصلے کے خلاف اپیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا تھا جس کے مطابقنواز شریف کو علاج کیلئے اجازت 4ہفتوں کیلئے بیرونِ ملک رکنے کی اجازت ہوگی لیکن اس مدت میں توسیع ہو سکتی ہے۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ دونوں فریقین کے سامنے 5نقاط رکھے گئے جس کے بعد اب ایڈمنی بانڈ کی شرط کو معطل کیا جاتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے اور انہیں بغیر کسی شرط کے بیرونِ ملک جانے دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی نواز شریف کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا اور درخواست پر سماعت جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات