Live Updates

جمعیت علما اسلام کے تحت ملک بھر میں جاری آزادی مارچ پلان بی کے تحت سندھ میں بھی 4 مقامات پر دھرنے جاری

حکومت عوامی مقبولیت کھو چکی ہے ۔ قوم پر مزید تسلط برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ عمران خان فورا مستعفی ہونے کا اعلان کریں جے یو آئی کے آزادی مارچ اور ملک گیر احتجاجی دھرنوں کا مقصد نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران نیازی سے ملک و قوم کو چھٹکارہ دلانا ہے، مولانا راشد سومرو اب تک ہمارے تمام احتجاجی دھرنے پرامن رہے ، من گھڑت مقدمات درج کرکے کارکنان کو مشتعل نہ کیا جائے

اتوار 17 نومبر 2019 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2019ء) جمعیت علما اسلام کے تحت ملک بھر میں جاری آزادی مارچ پلان بی کے تحت سندھ میں بھی 4 مقامات پر دھرنے جاری رہے ۔ کراچی میں حب ریور روڈ پر جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومت عوامی مقبولیت کھو چکی ہے ۔ قوم پر مزید تسلط برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ عمران خان فورا مستعفی ہونے کا اعلان کریں ۔

سکھر ، گھوٹکی اور جیکب آباد میں آزادی مارچ کے پلان بی کے احتجاجی دھرنوں کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ جے یو آئی کے آزادی مارچ اور ملک گیر احتجاجی دھرنوں کا مقصد نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم عمران نیازی سے ملک و قوم کو چھٹکارہ دلانا ہے ۔ ہماری احتجاجی تحریک سے قادیانی لابی اور اسرائیلی لابیز میں زلزلہ برپا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ آزادی مارچ سے کشمیر کا ایشو پس پردہ نہیں ہوا بلکہ کرتار پور راہداری کے کھلنے سے مسئلہ کشمیر کھٹائی میں پڑا ہے۔ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کیا ۔ قوم کو بتائیں کہ الیکشن کے دوران پی ٹی آئی نے بھارت اسرائیل برطانیہ اور امریکا سے فنڈز کس بنیاد پر لئے تھے۔ بابری مسجد کا فیصلہ بھی عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے آیا ہے جس دن بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا اسی دن نیازی نے کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا۔

مولانا راشد محمود سومرو نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ 70 سالہ تاریخ میں اسٹیٹ بینک ایک ارب روپے کے خسارے میں جا رہا ہے ، اگر ملک پر عمران نیازی مزید مسلط رہا تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کیلئے دشمن کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔حکمرانوں کا معاشی پالیسیوں کا حال دیکھئے کہ ایک کلو ٹماٹر دو ڈالر کردیئے گئے ۔مولا فضل الرحمان پاکستان اور عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

مولانا راشد محمود سومرو نے اعلان کیا ہے کہ 28 نومبر کو سکھر میں 5 ویں شہید اسلام آزادی مارچ کانفرنس منعقد ہو گی ۔ موجودہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینا تو درکنار 10 لاکھ برسر روزگار لوگوں سے ان کا روزگار چھین لیا ہے ۔ 50 لاکھ گھر دینے وعدہ کیا تھا مگر ہزاروں گھر مسمار کردئیے گئے ۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم نے ہر موڑ پر یوٹرن لیا ہے اب ایک اور یو ٹرن لیکر قوم کی جان چھوڑ کر فوری استعفی دیں ۔

کراچی حب ریور روڈ پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی کے رہنماں مولانا عمر صادق ، مولانا محمد غیاث ، مولانا احسان اللہ ٹکروی، ڈاکٹر نصیر الدین سواتی، مولانا نورالحق ، مولانا فتح اللہ ، مفتی عبدالحق عثمانی ، سمیع الحق سواتی، مولانا عبدالرشید نعمانی ، مولانا امین اللہ ، مولانا فخرالدین رازی ، مولانا عطا الرحمن ، قاضی فخرالحسن، محمد فاروق سید ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا، اب ملک میں اسلامی نظام نافذ ہوکر رہے گا، پاکستان میں قادیانی اور یہودی ایجنڈے کے فروغ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

جے یو آئی رہنماں نے کہا کہ اب تک ہمارے تمام احتجاجی دھرنے پرامن رہے ، من گھڑت مقدمات درج کرکے کارکنان کو مشتعل نہ کیا جائے ۔ ہم نے دنیا کو تسلیم کروایا ہے کہ مذہبی جماعتیں اسلام اور امن کی بات کرتی ہیں ۔ دنیا کے سامنے ہماری انتہاپسندانہ تصویر پیش کی گئی اس سازش کو ہم نے اپنے کردار سے ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاجی تحریک نااہل وزیر اعظم کے استعفی تک جاری رہے گی ۔

دریں اثنا آزادی مارچ پلان بی کے تحت احتجاجی دھرنوں کے چوتھے روز ملک کے چاروں صوبوں میں 30 سے زائد مقامات پر احتجاجی دھرنوں کا سلسلہ آج صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہا ۔ احتجاج کے دوران ایمبولینس ، بارات قافلوں ، سکول کے بچوں اور خواتین کو گزارنے کے راستہ دیا گیا ۔ شدید سرد موسم اور بارشوں کے باوجود جمعیت علما اسلام کے کارکنان چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتساتن اور قبائلی علاقوں میں قومی شاہراہوں پر قائم اپنے احتجاجی کیمپوں میں دن بھر موجود رہے اور حکومت کے خاتمے تک ڈٹے رہنے کا عزم ظاہر کرتے رہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات