ظ* اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینا چاہئے تھا

ٴسیاسی قوتوں کو آئین ،پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کی جدوجہد کرنی چاہیے، پیر اعجاز ہاشمی

اتوار 17 نومبر 2019 22:21

c لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2019ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیرا عجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ حکومت عوامی اعتماد اور مینڈیٹ کھوچکی ہے۔ نظام جمہوریت پر عمران حکومت بہت بھاری رہی ہے۔ موجودہ حکومت ایسے ہی ہے جیسے بغیر روح کے جسم۔عوامی جمہوریت کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اور سیاسی جماعتوںکے عوامی کردار سے انکارکرکے نادیدہ قوتوں کی کنٹرولڈ حکومت کو متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ عوامی حق نمائندگی اور ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے افراد پیدا نہ ہوسکیں اور ملک اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں میں یرغمال رہے۔

ان حالات میں سیاسی قوتوں کو آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے کی جدوجہد کرنی چاہیے۔ دو سابق حکمران جماعتوں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت جیل میں ہے یا انہیں عارضی رہائی ملی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو کوئی ریلیف بھی نہیں دیا جارہا ہے ، انہیں کراچی کے ہسپتال میں علاج سے بھی انکار کیا جا رہا ہے، جو کہ قابل مذمت ہے۔

آصف علی زرداری کے تمام مقدمات کا تعلق کراچی سے ہے، ان کا ٹرائل اسلام آباد میں کرکے وفاق پاکستان کو کمزور کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینا چاہئے تھا، مگر مختلف حیلے بہانے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی اتحادی جماعتوں کے اندر سے یوٹرن کی آوازیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ جس سے لگتا ہے کہ اتحادی ہنڈیا بیچ چوراہے پھٹنے والی ہے ۔