بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے 22ویں کانووکیشن کا انعقاد

بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے22ویں کانووکیشن کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا گیا

پیر 18 نومبر 2019 12:57

بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے 22ویں کانووکیشن کا انعقاد
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2019ء) بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے22ویں کانووکیشن کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا گیا۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت ہلالِ امتیاز (ملٹری) کانووکیشن کے مہمان خصوصی تھے۔ ریکٹر بحریہ یونیورسٹی ریئر ایڈمرل حبیب الرحٰمن ہلالِ امتیاز(ملٹری) اور وائس ایڈمرل نے پی ایچ ڈی، ایم فل، ماسٹر اور انڈر گریجویٹ پروگرامزکے فارغ التحصیل طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔


 کانووکیشن میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے مجموعی طور پر 712طلباء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ وائس ایڈ مرل نے امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو 27سونے اور 21چاندی کے تمغوں سے بھی نوازا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی ساتھ طلباء کو بہترین معیار کی اعلیٰ تعلیم کی فراہمی پر بحریہ یونیوسٹی کے کردار کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

انھوں نے ملک کے لیے افرادی قوت کی صلاحیت بڑھانے پر یونیوسٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا انھیں اس بات کی انتہائی خوشی ہے کہ جس طرح بحریہ یونیورسٹی سے ہر سال بڑی تعداد میں اعلیٰ تعلیم یافتہ طلباء ملکی افرادی قوت میں شامل ہو رہے ہیں۔ یہ طلباء یقینی طور پر مستقبل میں پاکستان کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کریں گے۔

انھوں نے مزید کہا یہ بہت خوش آئین ہے کہ بحریہ یونیورسٹی نے میری ٹائم سائنسز کے بیچلر اور ماسٹر لیول کے پروگرام شروع کرنے میں باقی تمام اداروں سے سبقت حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کے قائم کردہ میری ٹائم سائنسز و ٹیکنالوجی پارک کے ذریعے تحقیق اور جدت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس سے پہلے ریکٹر بحریہ یونیورسٹی ریئر ایڈمرل حبیب الرحمٰن ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے اپنے افتتاحی خطاب میں وائس ایڈمرل کا کانووکیشن میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے مزید کہا بحریہ یونیورسٹی نے طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم کی فراہمی میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔ انھوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن، پنجاب حکومت اور دیگر اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بحریہ یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباء کو وظائف سے نوازا۔ انھوں نے کہا کہ اس سال بحریہ یونیورسٹی نے طلباء میں74ملین روپے کے وظائف تقسیم کیے۔


ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے طلباء اور انکے والدین کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی ساتھ ان کے شاندار مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کانووکیشن میں ایجوکیشنل سیکٹر کے سینئر عہدیداران، نیول آفیسرز اور فارغ التحصیل طلباء کے والدین نے شرکت کی۔ طلباء نے بھی ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اپنے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے بحریہ یونیورسٹی کے کردار کو بھی سراہا جس نے نصاب کے ساتھ ساتھ طلباء کی دیگر شعبہ جات میں شخصیت کو نکھارنے میں اہم کردار کیا۔