وہاڑی:لڈن پولیس کی پھرتیاں ، ضلعی افسران کو خوش کرنے کیلئے من گھڑت کارروائیاں جاری

اصل منشیات فروش کو مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر چھوڑ دیا،پُرانی منشیات پر ہی پریس کانفرنس کرڈالی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 نومبر 2019 13:35

وہاڑی:لڈن پولیس کی پھرتیاں ، ضلعی افسران کو خوش کرنے کیلئے من گھڑت کارروائیاں ..
وہاڑی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء، نمائندہ خصوصی،منور حُسین رجانہ) تھانہ لڈن کی پولیس کی پھرتیاں دیکھنے کے لائق ہیں، جس نے ضلعی افسران کو خوش کرنے کیلئے مبینہ طور پر من گھڑت کاروائیاں جاری کر رکھی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اصل منشیات فروش کو مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر چھوڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق لڈن پولیس کے شیر جوانوں نے سستی شہرت حاصل کرنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔

تھانہ لڈن کے سب انسپکٹر راؤ نزاکت اور ایس ایچ او عبدالستار نے ضلعی افسران کو خوش کرنے کیلئے جھوٹی اور من گھڑت کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سب انسپکٹر راؤ نزاکت نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ضلع وہاڑی کی حدود سے باہر ریڈ کیا اور گوہر نامی منشیات فروش کو رنگے ہاتھوں پکڑا اور ایک رات ملزم کو اپنے پاس رکھنے کے بعد مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر اصل ملزم گوہر کو چھوڑ دیا جبکہ اسکے ڈرائیور اور ساتھی پر منشیات فروشی کا الزام لگا کر انہی پر سارا ملبہ ڈال دیا اور جھوٹی پریس کانفرنس بھی کر ڈالی۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چند روز قبل لڈن پولیس نے جو منشیات پکڑی تھی وہ لڈن کے نواحی علاقہ کے رہائشی ایک منشیات فروش کو مبینہ طور پر فروخت کرنے کیلئے دی گئی جس کا ضلعی افسران کو پتہ چلا تو منشیات فروش ساری منشیات تھانہ میں واپس دے گیا اور آج اسی پرانی منشیات کو نیا ظاہر کرکے جھوٹی پریس کانفرنس بھی کردی گئی ہے۔ اسکے علاوہ بھی پولیس کی طرف سے اعلی افسران کی گڈ بک میں شامل ہونے کیلئے کئی ایسی کارروائیاں ظاہر کی جارہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس کی من گھڑت کاروائیاں کے خلاف اعلی افسران سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات اور کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔