جیف بزوز کی دولت میں کمی سے بل گیٹس پھر سے دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

مائیکرو سافٹ کے بانی کو 110 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 نومبر 2019 13:36

جیف بزوز کی دولت میں کمی سے بل گیٹس پھر سے دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 نومبر ۔2019ء) عالمی سیاست میں ہلچل کی وجہ سے دنیا بھر کے امیر ترین انسان ایک سال کے دوران 500 ارب روپے کی دولت سے محروم ہوگئے‘رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ جو امیر ترین افراد اربوں روپے سے محروم ہوئے ہیں ان میں دنیا کے امیر ترین شخص جیف بزوز بھی شامل ہیں یا نہیں. تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ ایمازون کے بانی جیف بزوز کی دولت میں کمی ہوگئی اور وہ اب دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے چند ہفتے تک جیف بزوز 114 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص تھے، تاہم اب ان کی دولت کم ہوکر 109 ارب ڈالر رہ گئی ہے.

(جاری ہے)

جیف بزوز کے غریب بن جانے کے بعد ایک بار پھر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں اور ان کی دولت میں چند ہفتوں کے دوران 6 ارب ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا. امریکی اقتصادی جریدے ’بلوم برگ‘ کی ارب پتی افراد کی تازہ فہرست میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو 110 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے بلوم برگ کی فہرست سے قبل اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی ستمبر 2019 میں جاری ہونے والی رپورٹ میں ایمازون کے بانی ’جیف بزوز‘ کو دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا تھا.

فوربز کی رپورٹ میں امریکا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی گئی تھی اور اسی ملک کے امیر ترین افراد ہی دنیا کے امیر ترین لوگ بھی ہیں فوربز کی فہرست میں بتایا گیا تھا کہ جیف بزوز کی دولت 114 ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین شخص ہے. اسی فہرست میں بل گیٹس کو 104 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رکھا گیا تھا لیکن اب بلوم برگ کی رپورٹ میں جیف بزوز کو دوسرے اور بل گیٹس کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے.

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کی دولت بڑھ کر 110 ارب ڈالر ہو چکی ہے اور وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں فہرست میں جیف بزوز کو 109 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے تیسرے نمبر پر فرانسیسی شخص برنارڈ ارنالٹ کو رکھا گیا ہے جن کی دولت 103 ارب ڈالر بتائی گئی ہے. فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو اس فہرست میں دنیا کا پانچواں امیر شخص قرار دیا گیا ہے اور ان کی دولت 74 ارب 50 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے گوگل کے شریک بانی لیری پیج اس فہرست میں ساتویں اور ان کے پارٹنر سرگی برن 8 ویں نمبر پر ہیں.

دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں 8 امریکی اور 2 یورپی شخص ہیں، دنیا کا تیسرا امیر ترین شخص فرانسیسی جب کہ چھٹا امیر ترین شخص اسپینی ہیں دنیا کے امیر ترین 10 افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، 56 سالہ امریکی خاتون جولیا مارگریٹ فلیشر دنیا کی 10 ویں امیر ترین شخصیت اور دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون قرار پائی ہیں. چینی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما دنیا کے 19 ویں امیر ترین شخص قرار پائے ہیں جب کہ بھارت کے مکیش امبانی دنیا کے 14 ویں امیر ترین شخص قرار پائے ہیں دنیا کے 100 امیر ترین افراد کی اس فہرست میں 4 بھارتی افراد کے نام شامل ہیں جب کہ مشرق وسطیٰ میں سے صرف سعودی عرب کے واحد شہزادہ الولید بن طلال اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں سعودی عرب کے الولید بل طلال دنیا کے 100 ارب پتی افراد میں 98 ویں نمبر پر ہیں.

خیال رہے کہ بلوم برگ کی اس فہرست میں صرف ان 100 افراد کو شامل کیا گیا ہے جب کہ دولت 13 ارب ڈالر سے زائد ہے اور سعودی عرب کے الولید بن طلال کی دولت 14 ارب ڈالر سے زائد ہے.