قائداعظم ٹرافی کا آٹھواں راوٴنڈ پیر سے شروع ہوگا

ناردرن کی ٹیم کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں سدرن پنجاب کی میزبانی کرے گی

پیر 18 نومبر 2019 13:47

قائداعظم ٹرافی کا آٹھواں راوٴنڈ پیر سے شروع ہوگا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2019ء) قائداعظم ٹرافی کے آٹھویں راوٴنڈ کا آغاز 18 نومبر سے ہوگا۔دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے والے ایونٹ میں صرف تین راوٴنڈز باقی رہ گئے ہیں۔
آٹھویں راوٴنڈ میں ناردرن کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے خلاف ہوگا۔ اس سے قبل ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا تھا تاہم آٹھویں راوٴنڈ میں ایک بار پھر مدمقابل آنے والی ٹیموں کے درمیان پیر سے شروع ہونے والا میچ نتیجہ خیز ثابت ہونے کی توقع ہے۔


گذشتہ راوٴنڈ میں کامیابی کی بدولت 15 پوائنٹس حاصل کرنے والی ناردرن کی ٹیم مجموعی طور پر 71 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ساتویں راونڈ کے آغاز سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود ناردرن نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سندھ کو شکست دے کر حریف ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

(جاری ہے)

ایونٹ میں واحد کامیابی کے باوجود ناردرن کی ٹیم فائنل میں رسائی کی مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئی ہے۔

18 نومبر بروز پیرسے شروع ہونے والے راوٴنڈ میں سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلوں کی توقع ہے۔
ناردرن کی ٹیم ایونٹ میں 2 شکستوں کا سامنا کرنے والی واحد ٹیم ہے تاہم ساتویں راوٴنڈ کے میچ میں کامیابی نے پوائنٹس ٹیبل پر ان کی پوزیشن مستحکم کردی ہے۔ سندھ کے خلاف میچ میں 14 رنز کے عوض ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد ناردرن نے فیضان ریاض کی ڈبل سنچری کی بدولت 408 رنز کا مجموعہ اسکور کیا جس کے بعد کپتان نعمان علی کے میچ میں 9 شکار نے ناردرن کو 145رنز سے کامیابی دلادی تھی۔

36وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنر نعمان علی تاحال ایونٹ کے بہترین باوٴلر ہیں۔
دوسری جانب سدرن پنجاب کی امیدوں کا محور اوپننگ بلے باز سمیع اسلم ہوں گے۔ تاحال ایونٹ میں 138.83کی بہترین اوسط کے ساتھ 833 رنز اسکور کرنے والے سمیع اسلم نے آخری میچ میں خیبرپختونخوا کے خلاف بھی ناقابل شکست سنچری اسکور کی تھی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز ایونٹ میں تاحال 4 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں اور اس سیزن میں ان کا بہترین اسکور 243 رنز ہے۔


سندھ بمقابلہ سنٹرل پنجاب:
58 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود سندھ کی ٹیم کو آٹھویں راوٴنڈ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔ 108 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو زیر کرنے کے لیے سندھ کو جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راوٴنڈ میں ہوا جہاں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سندھ کی ٹیم میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی تھی۔


ٓآٹھویں راونڈ کے اہم میچ میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد کوفوادعالم سے بہترین بلے بازی اور تابش خان سے عمدہ باوٴلنگ کی توقعات ہیں۔فواد عالم ایونٹ میں سندھ کی جانب سے تاحال 2 سنچریاں اسکور کرنے والے واحد بلے باز ہیں جبکہ تابش خان ٹورنامنٹ میں 17 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ادھر کم روشنی کے باعث سنٹرل پنجاب اور بلوچستان کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں صرف 217.2اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جہاں سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے بیٹنگ ، باوٴلنگ اور فیلڈنگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔


سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنے پر سنٹرل پنجاب کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں طلب کیے گئے فاسٹ باوٴلر اعزاز چیمہ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں 5وکٹیں حاصل کی تھیں۔ میچ میں عمر اکمل نے 94 اور عثمان صلاح الدین نے 78 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
پوائنٹس ٹیبل پر پہلی اور آخری نمبر پر موجود ٹیموں کے درمیان آٹھویں ر اوٴنڈ میں کانٹے دار میچ کی توقع ہے۔


خیبرپختونخوا بمقابلہ بلوچستان:
آئندہ راوٴنڈ میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی طور پر ایبٹ آباد میں شیڈول میچ کو موسم میں غیرمتوقع تبدیلی کے باعث کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔
بلوچستان کی بیٹنگ لائن اپ میں ترپ کا پتہ 23 سالہ نوجوان کرکٹر عمران بٹ ہیں جو 673 رنز بناکر تاحال ایونٹ کے تیسرے بہترین بلے باز ہیں۔

عمران بٹ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے آخری میچ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف بھی سنچری اسکور کی تھی۔
گذشتہ راوٴنڈ میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے بلوچستان کے محمد اصغر ایونٹ میں 19وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے پانچویں بہترین باوٴلر ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجودخیبرپختونخوا کی ٹیم کو تاحال ایونٹ میں کسی شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

خیبرپختونخوا کے مڈل آرڈر بلے باز اشفاق احمد 675 رنز بناکر ایونٹ کے دوسرے بہترین بیٹسمین ہیں۔
خیبرپختونخوا کی باوٴلنگ لائن اپ میں جنیدخان اور عثمان شنواری کے علاوہ تیزر فتار باوٴلر احمد جمال شامل ہیں۔ احمد جمال نے سدرن پنجاب کے خلاف آخری میچ کی ایک اننگز میں 6وکٹیں حاصل کی تھیں۔
شیڈول:
راوٴنڈ8، (18تا 21 نومبر):
ناردرن بمقابلہ سدرن پنجاب بمقام کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی
سندھ بمقابلہ سنٹرل پنجاب بمقام نیشنل اسٹیڈیم کراچی
بلوچستان بمقابلہ خیبرپختونخوا بمقام یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی