Live Updates

مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے،گڈ گورننس کیلئے وزیر اعظم بہتر کام کر رہے ہیں، شیخ رشید احمد

لئی ایکسپریس وے کا ٹینڈر پندرہ دنوں میں جاری کر دیا جائے گا ،80بلین روپے لاگت آئے گی، تقریب سے خطاب وقارالنساء کالج میںنئے بلاک کی تعمیراور ساڑھے سات کروڑ روپے فنڈز کا اعلان چین کے تعاون سے ایک ریلوئے یونیورسٹی بنائی جائے گی جس کے لئے اراضی مختص کی گئی ہے ، وفاقی وزیر ریلوئے

پیر 18 نومبر 2019 15:48

مہنگائی، بے روزگاری کے خاتمے،گڈ گورننس کیلئے وزیر اعظم بہتر کام کر ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) وفاقی وزیر برائے ریلوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری کے خاتمے اور گڈ گورننس کے لئے وزیراعظم عمران خان بہتر کام کر رہے ہیں، مسلم لیگ ق انڈر نائینٹین نہیں ہے بلکہ وہ عمران خان کے ساتھ ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کوئی بھی سیاسی جماعت نہیں ہے اور اگر ہے تو سامنے لاکر دکھائیں، جو سیاستدان بیمار ہیں وہ بیرون ملک جائیں علاج کروا کر واپس آجائیں ہم ان کا انتظار کریں گے، نواز شریف کے معاملے پر سپریم کورٹ نہیں جانا چاہیے، اگر ایک آدمی بیمار ہے تو اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

ایم ایل ون کا منصوبہ اسی سال شروع ہوجائے گا جس سے راولپنڈی سے کراچی کا فاصلہ صرف 8 گھنٹے کا ہوجائے گا، لئی ایکسپریس وے کا 15 دنوں میں ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا جس پر 80 بلین روپے لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے پیر کے روز وقارالنساء پوسٹ گریجویٹ کالج میں سٹوڈنٹ کونسل کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق، وقارلنساء کالج کی پرنسپل پروفیسر سائرہ مفتی، ڈائریکٹر کالجزشیر احمد ستی، راجہ بشیر احمد، استاتذہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھیں۔

انہوں نے کہاہے کہ اپنے شہر کی بیٹیوں کو تعلیم سے آراستہ کیا ہے جس وجہ سے دنیا کی کوئی بھی طاقت راولپنڈی کو شکست نہیں دے سکتی،اللہ جسے چاہتا ہے اس سے کام لیتا ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ جب راولپنڈی کی فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تھی تو اس وقت لوگ کہا کرتے تھے کہ یہاں کون پڑھنے آئے گا مگر آج پاکستان کے تمام صوبوں بشمول کشمیر گلگت بلتستان کی بچیاں یہاں آکرتعلیم حاصل کر رہی ہیں، میڈیکل کا لج اور ٹیکسلا یونیورسٹی بنائی، حال ہی میں سیٹلائٹ ٹاون یونیوسٹی بنائی جہاں داخلے کے لئی7 ہزار بچیوں نے درخواستیں دی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے تمام گنجان آباد علاقوں میں بچیوں کے لئے ایک سکول اور ایک کالج بنایا اور اب اس شہر میں دو نئی یونیوسٹیاں بنانے جا رہے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی کی یونیورسٹی اورچین کے تعاون سے ایک ریلوئے یونیورسٹی بنائی جائے گی جس کے لئے اراضی مختص کی گئی ہے اور فنڈز چین کی طرف سے لگایا جائے گا۔

انہوں نے کہاہے کہ وقارالنساء کالج کو یونیورسٹی بننا چاہیے تھا مگر یہاں ایک نئے بلاک کی تعمیر اور ساڑھے 7 کروڑ روپے فنڈز جاری کرنے کا اعلان بھی کرتا ہوں ۔انہوں نے کہاہے کہ راولپنڈی میں جلد 65کالجز مکمل ہوجائیں گے اور 72سالوں میں ایک بھی سول کالج کنٹونمنٹ کی حدود میں نہیں تھا ، ریلوے سے 14کروڑ کی لاگت جاری کرا کر سٹیشن روڈ پر پہلا کالج بنایا جہاں دسمبر سے کلاسز کا آغاز کیا جائے گاجبکہ رحیم آباد اور خیابان سر سید میں بھی نئے کالجز بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کاہے کہ پاکستان میں راولپنڈی واحد شہر ہوگا جہاں چار یونیوسٹیاں ہوں گی۔ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کے لئے بھی کام کر رہے ہیں جس میں دنیا کا جدیدزچہ بچہ ہسپتال کی تعمیر ہے جہاں 2 سو کنال اراضی پردیگرسہولتوں کے ساتھ 14آپریشن تھیٹرزکی تعمیر ہوگی۔ لئی ایکسپریس وے کا 15 دنوں میں ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا جس پر 80 بلین لاگت آئے گی۔

چین کی ایک فرم کے ساتھ مل کر ریلوے کا ٹریک بچھانے کی بھی کوشش کی جائے گی جس سے عوام کو کافی سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر پچھلے 10 سال سے تعلیم میں پہلے نمبر پر ہے۔ شیخ رشید احمد نے سٹوڈنٹس کونسل کی نومنتخب عہدیداران کو اعزازی پٹیاں پیش کیں۔ پرنسپل سائرہ مفتی نے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد اور پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشدشفیق کو کالج کا اعزازی نشان پیش کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات