قانون کرایہ داری اسلام آباد کی تاجر برادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے،

امید ہے کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے منظور کرا لیا جائے گا رکن قومی اسمبلی اسد عمر کا تاجر برادری سے خطاب

پیر 18 نومبر 2019 16:51

قانون کرایہ داری اسلام آباد کی تاجر برادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ قانون کرایہ داری اسلام آباد کی تاجر برادری کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے، امید ہے کہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے منظور کرا لیا جائے گا تاکہ تاجروں کا یہ اہم مسئلہ حل ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ دور میں پی ٹی آئی کی طرف سے قانون کرایہ داری کا ایک ترمیمی بل اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا لیکن پاس نہ کرایا جا سکا تاہم وعدہ کے مطابق وہی ترمیمی بل دوبارہ موجودہ قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے اور متعلقہ قائمہ کمیٹی نے اتفاق رائے سے اس کو پاس کر دیا ہے جبکہ جلد ہی یہ بل قومی اسمبلی سے بھی پاس ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قانون سازی کیلئے اب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کچھ معاملات طے پا گئے ہیں جن کے مطابق قانون سازی کے بلوں کے بارے میں پیشگی اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی اور متفقہ بلوں کو پارلیمنٹ منظور کرانے میں آسانی ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان سے ایک میٹنگ کر کے تاجروں کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس موقع پر چیمبر کے عہدیداران کو اپنا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کو سی ڈی اے کی طرف سے پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ ادارہ مسائل کے جلد حل کی طرف توجہ نہیں دے رہا۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے بورڈ نے انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز میں تبدیلی کی منظوری دے دی تھی لیکن چار سال گزرنے کے باوجود سی ڈی اے نے ان کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا۔ انہوںنے اسد عمر سے درخواست کی کہ وہ تاجر برادری کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے اسلام آباد کی مارکیٹوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے گئے جس وجہ سے مارکیٹوں کی حالت کاروبار کیلئے سازگار نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مداخلت کرے اورمارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کرائے۔ فائونڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک، چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، اشفاق چھٹہ، چوہدری ندیم الدین اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کے اہم مسائل حل کرانے کیلئے مختلف تجاویز دیں۔