Live Updates

مسلم لیگ نون نے2020میں عام انتخابات کا مطالبہ کردیا

قوم کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز کا یہی واحد حل ہے.احسن اقبال کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 نومبر 2019 18:55

مسلم لیگ نون نے2020میں عام انتخابات کا مطالبہ کردیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 نومبر ۔2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ان کی جماعت 2020 میں نئے انتخابات چاہتی ہے، قوم کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز کا یہی واحد حل ہے.لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آئندہ سال صاف و شفاف انتخابات کے لیے قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے.

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ملک میں صاف و شفاف انتخابات کا میکانزم مرتب کرنا چاہیے‘انہوں نے کہاکہ پارٹی نے حکومت کے خلاف جاری احتجاجی مہم کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے. انہوں نے کہاکہ پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف مہم کے اثرات بڑھانے کے لیے اقدامات پر بحث کی گئی ہے‘انہوں نے کہا کہ حکومت پوری طرح سے ناکام ہوچکی ہے.

لیگی رہنما نے کہا کہ رہبر کمیٹی آئندہ کے اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پر بحث کرے گی کیونکہ ہر جماعت کا اپنا پلان بی اور پلان سی ہے‘مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں ممبر سازی کی مہم کا آغاز کریں گے. جنوبی پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کو دھوکا دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی اسمبلی میں اس مسئلے پر دوبارہ آواز اٹھائے گی، اور ہماری جماعت ہزارہ صوبے کا معاملہ بھی اسمبلی میں اٹھائے گی انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے قوم کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی بحث کی جن میں مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور پنجاب میں انتظامی فقدان شامل ہیں.

احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب کے تمام محکمے اور انفراسٹرکچر تباہی کا شکار ہوگئے ہیں‘نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ روز علاج کے لیے ملک سے روانہ ہوں گے. انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو 15 روز قبل ملک سے چلے جانا تھا تاہم حکومت کی جانب سے ان کے سفر میں غیر ضروری رکاوٹیں ڈالی گئیں جو خطرناک بھی ثابت ہوسکتی ہیں‘انہوں نے کہا کہ وزرا ایک بیمار شخص کے خلاف بیانات جاری کرتے ہیں.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات