Live Updates

نواز شریف کو ایک بار بیرون ملک جانے کا حکم نامہ جاری

عبوری انتظام کے تحت سابق وزیراعظم کو علاج کے لیے چار ہفتے کی مدت کے لیے اجازت دی گئی. وزارت داخلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 18 نومبر 2019 19:04

نواز شریف کو ایک بار بیرون ملک جانے کا حکم نامہ جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 نومبر ۔2019ء) وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو ایک بار علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے. وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اجازت نامہ میں کہا گیا ہے کہ عبوری انتظام کے ذریعے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے چار ہفتے کی مدت کے لیے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے.

وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے 16 نومبر کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے جہاں نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف نے حلف نامے جمع کرائے تھے.

(جاری ہے)

دوسری جانب حکومتی کلیئرنس ملنے کے بعد قطر ایئر ایمبولینس نواز شریف کو لے جانے کے لیے منگل کی صبح 8 بجکر 45 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی‘ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے سول ایوی ایشن انتظامیہ کو ایئر ایمبولینس کی اطلاع دے دی ہے.

ذرائع نے کہا کہ نواز شریف گاڑی کے ذریعے ایئرپورٹ جائیں گے جہاں سے ایئر ایمبولینس انہیں ساڑھے 10 بجے لے کر واپس روانہ ہوگی‘لاہور ایئرپورٹ نے ایئر ایمبولینس کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے ہیں. واضح رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے سابق وزیراعظم کو 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی.

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی اور پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے شرط کو مسترد کیا جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے بیان حلفی پر انہیں علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دی. عدالت نے وفاقی حکومت کی جانب سے لگائے گئے 7 ارب روپے کے بونڈ کی شرط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب ہائی کورٹ نے ضمانت دی ہے تو اس شرط کا کوئی جواز نہیں بنتا.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات