Live Updates

مولانا فضل الرحمان پلان 420 کے تحت اسلام آباد آئے تھے، فیاض الحسن چوہان

پیر 18 نومبر 2019 22:14

مولانا فضل الرحمان پلان 420 کے تحت اسلام آباد آئے تھے، فیاض الحسن چوہان
لاہور۔18 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) صوبائی وزیرِ کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پلان 420 کے ساتھ اسلام آباد آئے تھے۔ اپنے پلان کی ناکامی دیکھتے ہوئے مولانا نے پلان نو دو گیارہ کے تحت اسلام آباد سے جانے میں ہی عافیت سمجھی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ سے مشاورت کے بعد نواز شریف کو علاج کے لیے باہر جانے کی اجازت دے کر آل شریف پر احسان عظیم کیا۔

اس کے جواب میں نارووال کے ارسطو اور کاہنہ کاچھہ کے سقراط نے عمران خان کی ذات پر کیچڑ اچھال کر اپنی اور ن لیگ کی اصلیت ظاہر کر دی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کو پروڈکشن آرڈر کے ذریعے اسمبلی آنے کی اجازت دینے پر (ن) لیگ کو وزیرِ اعظم عمران خان، وزیرِ اعلٰی پنجا ب عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے شکر گزار ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

(ن) لیگی حکومت اپنے دس سالہ دورِ حکومت میں پروڈکشن آرڈر کے قانون کا نفاذ نہیں کر سکی اور مخالفین کو ہراساں کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہی۔ پنجاب اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا صحت مند ہو کر پاکستان واپس آنا بائیس کروڑ عوام اور پاکستان کے لیے بے حد ضروری ہے کیونکہ انکی صحت ٹھیک رہے گی تبھی احتساب کا عمل جاری رہے گا اور پیسہ قومی خزانے میں واپس آئے گا۔

بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موسم تبدیل ہونے کی وجہ سے ہر سال ان دنوں میں پاکستان میں مہنگائی دیکھنے میں آتی ہے جس کے تدارک کے لیے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حکومت پورے تزک و احتشام اور عزت و احترام کے ساتھ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات