گورنرسندھ عمران اسماعیل سے اٹلی کی قونصل جنرل انا روفینو کی ملاقات

ملاقات میںسیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

پیر 18 نومبر 2019 22:22

گورنرسندھ عمران اسماعیل سے اٹلی کی قونصل جنرل انا روفینو کی ملاقات
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) گورنرسندھ عمران اسماعیل سے اٹلی کی قونصل جنرل انا روفینو نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اٹلی کے مشہور شیف وٹوریو کیسلانی بھی موجود تھے۔

ملاقات میںاٹلی کے شیف نے پاکستانی کھانوں کی تعریف کی جبکہ گورنر سندھ نے کہا کہ اٹلی کے کھانوں کو پاکستان میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔ شیف نے مزید کہا کہ پاکستان کے سوفٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لئے ڈاکومنٹری بنارہا ہوں جس میں کھانے، ثقافت، رسومات اور دیگر مثبت سرگرمیاں کو پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لحاظ سے دنیا بھر میں منفرد اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

یہاں پر چار موسم، بلند ترین پہاڑی مقامات، صحرا ،ریگستان، خوبصورت میدانی علاقے با لخصوص پہاڑی سلسلے انتہائی پر کشش اور خوبصورت ترین ہیں جو سیاحت کے شعبہ میں ضروری ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں سیاحت میں سرمایہ کاری کے فوری اور متوقع سے بڑھ کر نتائج کا حصول یقینی ہے اس ضمن میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ویزے سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ قونصل جنر ل نے گورنرہائوس میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے زیر استعمال کمرہ اور اشیاء کا جائزہ جبکہ ان سے متعلق معلومات حاصل کی ۔