وزارت داخلہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

نوازشریف کسی بھی ائیرپورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جا سکیں گے،ذرائع

پیر 18 نومبر 2019 22:27

وزارت داخلہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) وزارت داخلہ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت کا میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے۔میمورنڈم کے مطابق عبوری انتظام کیتحت نوازشریف کوباہرجانیکی ایک بار اجازت دینیکافیصلہ کیاگیا ہے اور انہیں 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک علاج کی غرض سے جانے کی اجازت لاہورہائی کورٹ کے حکم پردی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے میمورنڈم میں شہبازشریف اور نوازشریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائے گئے بیان حلفی کا بھی حوالہ شامل ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کسی بھی ائیرپورٹ پر عدالتی حکم کی تصدیق شدہ نقل دکھا کر بیرون ملک جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

امیگریشن ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام بدستور ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں شامل ہے اور قانون کیمطابق ان کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا،عدالت نے انہیں صرف ایک بار بیرون ملک جانیکی اجازت دی ہے اور وہ عدالتی احکامات دکھا کر ملک سے باہرجاسکتے ہیں۔

لاہورمیں امیگریشن ذرائع نے بتایا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ انتظامیہ کو ابھی تک نواز شریف کو لندن لیجانے والی ائیر ایمبولینس کی آمد کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔واضح رہے کہ 16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں اور شہباز شریف کو 4 ہفتوں میں وطن واپسی کے لیے حلف نامے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔اس سے قبل وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت 7 ارب روپے کے انڈیمنٹی بانڈ جمع کروانے کے ساتھ مشروط کی تھی جسے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسترد کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔