گوجرانوالہ، جس طرح شہری اپنے گھروں کی صفائی رکھتے ہیں اسی طرح پارکوں کی صفائی کا بھی خیال رکھیں، چیئرمین پی ایچ اے

پیر 18 نومبر 2019 23:09

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) شہری پارکوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں اور شاپرز،کھانے پینے کی اشیاء کی پیکنگ وغیرہ پھینکنے کیلئے ڈسٹ بن کا استعمال کریںکیونکہ تہذیب یافتہ قومیں اپنے شہروں کو صاف ستھرا رکھنے کی وجہ سے ہی پہچانی جاتی ہیں، جس طرح شہری اپنے گھروں کی صفائی رکھتے ہیں اسی طرح پارکوں کی صفائی کا بھی خیال رکھیں ،پارکوں میں گندگی پھیلانے والوں کے خلاف پی ایچ اے ایکٹ 2012کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اِن خیالات کا اظہار چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمیدا یڈووکیٹ نے سیٹلائٹ ٹاؤن کے مختلف پارکوں کے دورہ کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے مادر ملت پارک سی بلاک اور کشمیر پارک میں کام کرنیوالے عملہ کی کارکردگی کو سراہا اور دھوبی گھاٹ پارک اور محمد ی پارک وحدت کالونی میں مالیوں اور چوکیدار کی غیر حاضری پر سخت نوٹس لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دھوبی گھاٹ پارک میں پودوں کی کانٹ چھانٹ اور صفائی کی ناقص صورتحال کے پیش نظر متعلقہ سپروائز کی سخت سرزنش کرتے ہوئے متعلقہ ملازمین کو 48گھنٹے کے اندر اندر پارکس کی حالت بہتر کرنے کے احکامات جاری کیے ۔انہوںنے ڈپٹی ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جاوید اختر پڈھیار کو ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایات بھی دیں۔