ڈاکٹر قادر مگسی کا آصفہ ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج کی طالبہ نمرتا کماری کی پراسرار ہلاکت پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ

پیر 18 نومبر 2019 23:26

سکھر۔ 18نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2019ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے آصفہ ڈینٹل اینڈ میڈیکل کالج کی طالبہ نمرتا کماری کی پراسرار ہلاکت پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا ہے، یہاں سندھ ترقی پسند پارٹی ضلع سکھر کے زیر اہتمام نمرتا کماری کے قتل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری اور ورثاء کو انصاف فراہمی کے سلسلے میں تین روزہ علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں احتجاجی دھرنے میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر قادرمگسی کا مزید کہنا تھا کہ نمرتا کماری نے خودکشی نہیں کی اسے قتل کیا گیا ہے ،یونیورسٹی کی وائس چانسلر نے بغیر دیکھے نمرتا کماری واقعے کو خودکشی قرار دیا جو سمجھ سے بالا تر ہے۔

ایک ماہ قبل جوڈیشل انکوائری کے احکامات دیئے گئے لیکن تاحال رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ : نمرتا کماری واقعے میں پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا ہے، اگر نمرتا نے خودکشی کی ہوتی تو اس کی لاش پھندے سے لٹک رہی ہوتی ، قادر مگسی کا مزید کہنا تھا کہ یہ دنیا کی کس نوعیت کی خودکشی ہے کہ مرنے کے بعد خود طلبہ نے پھندا کھول کر زمین پر آگئی ، انہوں نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر نمرتا کے اہلخانہ کے ساتھ انصاف کیلئے ایس ٹی پی بھرپور کردار ادا کے گی، انہوں نے کہا کہ جب کراچی کے واقعات پر جے آئی ٹی بن سکتی ہے تو نمرتا کیس میں کیوں نہیں بن سکتی انہوں نے حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کیا کے نمرتا قتل کیس کی فوری طور پر جے آئی ٹی بنا کر حقائق منظر عام پر لائے جائیں۔