Live Updates

حکومت نے اتحادی جماعتوں کی بلیک میلنگ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے

مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں مزید ایک، ایک وزارت دینے کا فیصلہ، جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی پیر 18 نومبر 2019 21:46

حکومت نے اتحادی جماعتوں کی بلیک میلنگ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 نومبر2019ء) حکومت نے اتحادی جماعتوں کی بلیک میلنگ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں مزید ایک، ایک وزارت دینے کا فیصلہ، جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے حکومت نے اتحادی جماعتوں کی بلیک میلنگ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں اور ان کے مطالبات منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو مزید ایک، ایک وزارت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ چند روز کے دوران وفاقی کابینہ میں مزید رد و بدل کیا جائے گا اور اتحادیوں کو مزید وزارتیں ملیں گی۔ تاحال یہ تو معلوم نہیں کہ مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو مزید کون سی وزارتیں ملیں گی، امکان ہے اس حوالے سے حکومت جلد باقاعدہ اعلان کرے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے اپنی کابینہ میں 2 تبدیلیاں کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کیا ہے۔ مشیر اطلاعات نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل، اسد عمر منصوبہ بندی اور سپیشل انییشٹو جبکہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ۔

اس ضمن میں جلد نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔ خسرو بختیار جو تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد سے اب تک منصوبہ بندی کی وزارت سنبھالے ہوئے تھے، تاہم اب ان کی وزارت تبدیلی کر دی گئی ہے۔ خسرو بختیار اب پیٹرولیم کی وزارت سنبھالیں گے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی عمر ایوب خان پیٹرولیم کی وزارت کا اضافی چارج سنھبالے ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے رواں سال اپریل کے دوران اپنے عہدے سے استعفی دیا تھا اور کہا تھا کہ وفاقی کابینہ میں کوئی اور عہدہ نہیں لیں گے۔ وزیراعظم نے اسد عمر کو پیٹرولیم کی وزارت دینے کی پیش کش کی تھی جو انہوں نے قبول کرنے سے معذرت کر لی تھی۔ جبکہ کچھ روز قبل وزیراعظم نے اس عمر کو ہدایت کی تھی کہ وہ تیاری کریں جلد انہیں بڑی ذمے داری سونپی جائے گی۔ جبکہ وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ وفاقی کابینہ میں رد و بدل کرنے جا رہے ہیں۔ اب اسی سلسلے میں خسرو بختیار کی وزارت تبدیل کی گئی ہے، جبکہ اسد عمر کو کابینہ میں دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات