اگلے سال جنوری سے مارچ تک معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان

گندم ، چنے سمیت ربیع کی دیگر فصلات کی بمپر کراپس حاصل ہونے کی توقع

منگل نومبر 13:40

اگلے سال جنوری سے مارچ تک معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) نئے سال کے آغاز پر جنوری سے مارچ تک پنجاب کے اکثر علاقوں میں گزشتہ سال کی نسبت معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث امسال گندم ، چنے سمیت ربیع کی دیگر فصلات کی بمپر کراپس حاصل ہونے کی توقع ہے جس سے نہ صرف گندم اور دیگر غذائی اجناس میں خود کفالت حاصل ہو گی بلکہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ اضافی پیداوار برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیاجاسکے گا۔

محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایاکہ امسال جنوری ، فروری ، مارچ 2020 ء میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ یہ بارشیں ربیع کی فصلات خصوصاً گندم، چنے و دیگرفصلات کیلئے انتہائی مفید ثابت ہوں گی لہٰذا کاشتکار ان فصلات کی بہتر پیداوارکیلئے ابھی سے حکمت عملی طے کر لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گندم کی بروقت زیادہ رقبہ پر کاشت زیادہ ملکی پیداوار کا سبب بنے گی جس سے نہ صرف ہم گندم کی پیداوار میں خود کفیل ہوں گے بلکہ اس کی برآمد سے ملک کو خاطر خواہ زرمبادلہ حاصل ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سبزیوں خصوصاً آلو ، آم، ترشاوہ پھلوں اور امرود کے باغات ، کماد اور اس طرح کی دوسری فصلات جو کم درجہ حرارت اور کورے سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں کوکسی متوقع نقصان سے بچانے کیلئے کاشتکار ان کو فوری تدارکی و حفاظتی اقدامات کا بھی مشورہ دیا گیاہے۔