سعودی بینکوں کی آرامکو کے شیئرز خریدنے کے لیے شہریوں کو قرضوں کی پیشکش

منگل 19 نومبر 2019 13:49

سعودی بینکوں کی آرامکو کے شیئرز خریدنے کے لیے شہریوں کو قرضوں کی پیشکش
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) سعودی عرب کے بینکوں نے قومی آئل و گیس کمپنی آرامکو کے حصص کی خریداری کے لیے شہریوں کو قرضے فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔العربیہ نیٹ ورک کے مطابق آرامکو کی جانب سے اپنے حصص اوپن مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کرنے پر شہریوں کی جانب سے خریداری کا شوق دیدنی ہے، مزید یہ کہ سعودی بینکوں کی جانب سے آرامکو کے شیئرز کی خریداری کے لیے قرضوں کی پیشکش پر ایسے شہری بھی میدان میں کود پڑے جو رقم نہ ہونے کے باعث تذبذب کا شکار تھے،ملکی بینکوں میں آرامکو کے شیئرز کی خریداری کے خواہشمندوں کے رش کی صورتحال ہے۔

بینکوں نے اپنے اکائونٹس ہولڈرز کو ایس ایم ایس میسج کے ذریعے آرامکو شیئرز خریدنے کی پیشکش کی جس کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ بینک شام چھ بجے تک کھلے رہیں گے۔

(جاری ہے)

الانمار بین کے ایگزیکٹو چیئرمین عبدالمحسن الفارس نے ایک بین میں کہا کہ آرامکو شیئرز کی خریدار کے لیے ہنگامی بنیادوں پر قرضے منظور کیے جائیں گے، توقع ہے کہ شہری یہ حصص بڑے پیمانے پر کریں گے۔

انھوں نے بتایا کہ آرامکو کے 0.5 فیصد حصص عام افراد جبکہ 1 فیصد اداروں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، ان شیئرز کی فروخت سے کمپنی کو 24 سے 25.6 ارب ڈالر آمدنی کی توقع ہے۔شیئرز کی ابتدائی قیمت 30 سے 32 ریال مقرر کی گئی ہے، حتمی قیمت اندراج کا دورانیہ ختم ہونے پر جاری ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت ایک شیئر کی قیمت 32 ریال سے کم ہوگی تو ایسی صورت میں 32 ریال کے حساب سے رقم جمع کرانے والوں کو دواختیار دیئے جائیں گے۔ پہلا اختیار رقم کا فرق واپس لینے کا ہوگا، دوسرا اختیار اپنے نام سے اضافی شیئرز جاری کرانے کا ہوگا۔