سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کیلئے لاہور سے لندن روانہ

منگل 19 نومبر 2019 13:49

سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کیلئے لاہور سے لندن روانہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) سابق وزیراعظم محمدنواز شریف اپنی رہائشگاہ جاتی امرا ء سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر پہنچے جہاں وہ ایئرایمبولینس میں سوار ہو کر لندن روانہ ہو گئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنوں نے ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کیلئے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ایئرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا، چیک اپ کے وقت نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 40 ہزار تھی،چیک اپ کے بعد ایئرایمبولینس نے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے اڑان بھری۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف قافلے کی صورت میں جاتی امراء سے ایئر پورٹ پہنچے جس میں ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اورخاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے،نواز شریف،شہبازشریف، ڈاکٹر عدنان،محمدعرفان اور عابداللہ جان کے پاسپورٹ امیگریشن حکام کے حوالے کردیے گئے، ایئرایمبولینس میں دو ڈاکٹر، دوپیرامیڈیکل سٹاف اور طبی امداد کی سہولیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم کے ہمراہ پانچ لوگ ایئر ایمبولینس میں روانہ ہوئے جن میں ان کے بھائی شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان، عابد اللہ جان اور محمد عرفان شامل ہیں، نواز شریف ایئر بس اے 319-133LR A7MED کے ذریعے دوحہ کے راستے برطانیہ جائیں گے۔