Live Updates

سارے سیاسی بیروزگار کرپشن کا کاروبار بندہونے کی وجہ سے بیزار ہیں، تعصب کی عینک اتارکر مثبت رپورٹس کا جائزہ لیں، ہمایوں اختر

منگل 19 نومبر 2019 15:40

لاہور۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں موجود سارے سیاسی بیروزگار کرپشن کا کاروبار بندہونے کی وجہ سے بیزار ہیں ، تعصب کی عینک اتارکر عالمی اداروں اور مرکزی بینک کی جانب سے پاکستان کے بارے میں جاری کی گئی مثبت رپورٹس کا جائزہ لیں، بلاول بھٹو تنقید کرنے سے پہلے بتائیں، سندھ میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہاکہ نواز شریف کوخالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت ملی ہے لیکن(ن) لیگ والے نہ جانے کس خوشی میں بغلیںبجارہے ہیں ، نواز شریف کے تمام کیسز اپنی جگہ پر قائم ہیں اور انہیں ان کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس طرح کا لہجہ بلاول بھٹو، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان استعمال کر رہے ہیں وزیر اعظم نے انہیں اس کا سیاسی انداز میں جواب دیا ہے ۔اپوزیشن میں موجود سارے سیاسی بیروزگار کرپشن کا کاروباربند ہونے کی وجہ سے بیزار ہیں او ر منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں جس سے ہم کسی صورت مرعوب نہیں ہوں گے۔ ہمایوں اختر نے کہا کہ مرکزی بینک کی تازہ ترین رپورٹس کے مطابق کرنٹ اکائونٹ خسارہ ساڑھے 73فیصد کم ہوا ہے ،برآمدات میں34 فیصد اضافہ اور درآمدی بل میں23 فیصد کمی ہوئی ہے کیا یہ آگے کی جانب پیشرفت نہیں، حکومت نے سابق حکمرانوں کے خزانے میں نقب لگانے کے سارے راستے بند کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی بوکھلاہٹ میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن ہمیں ان کی کوئی پرواہ نہیں ، حکومت اور تمام ادارے ملک او رعوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک پیج پر ہیں اورمادر وطن کا برا چاہنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات